• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتےتک موخر کرنے کی درخواست

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے تک موخر کرانے کےلئے سرگرم ہوگئی ہے،13 ستمبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنا ہے ۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کے باعث پارلیمنٹ کا مشترکہ اور قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ ہفتے تک موخر کرنے کی درخواست کردی ہے ۔

ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ،تدفین کے باعث ہمارے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنا ممکن نہیں ہوگا ۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ن لیگ کے ارکان پارلیمنٹ کلثوم نواز کی آخری رسومات کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں گے،اس لئے اجلاس آئندہ ہفتے تک موخر کردیا جائے ۔

ذرائع کے مطابق ایاز صادق سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوشش کرتے ہیں پھر آپ کو آگاہ کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کی تجویز دی ہے ۔

تازہ ترین