• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کے سینئراور جونیئر چیف سلیکٹر زمیں تنازع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیا دال میں کچھ کالا ہے یا پوری دال ہی کالی ہے؟پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق اور جونیئر چیف سلیکٹر ایک تنازع میں ملوث دکھائی دے رہے ہیں۔ دونوں نے پی سی بی سے اس واقعے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انضمام کے حوالے سے منسوب بات کو آگے بڑھانے والے عبدالقادر اپنی بات پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ انضمام الحق نے اپنے خلاف چلائی جانے والی مہم کو من گھڑت اور افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کی سلیکشن کے لئے نہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی پر دبائو ڈالا اور نہ میں اس قسم کی گھٹیا حرکت کا تصور کرسکتا ہوں۔ اگر میں نے ایسی حرکت کی ہے تو مجھے سلیکشن کمیٹی میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور مجھے گھر چلے جانا چاہیے۔ میرے پاس جو عہدہ ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے مجھے کو ئی غلط کام نہیں کرنا چاہیے۔ جو لوگ مجھے بدنام کرنے اور الزام تراشی کررہے ہیں بورڈ اس کی بھی تحقیقات کرائے۔ میں جو سزا اپنے لئے تجویز کررہا ہوں وہی سزا اس شخص کے لئے بھی ہونی چاہیے۔ پاکستان کرکٹ اچھی سمت میں جارہی ہے ایسے میں الزام تراشیوں کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہیں نہ روکا گیا تو یہ پاکستان کرکٹ کے لئے تباہ کن ہوگا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک بیان کو سابق ٹیسٹ اسپنر عبدالقادر سے منسوب کیا جارہا ہے جس میں عبدالقادر نے کہا ہے کہ انضمام نے باسط علی کو فون کرکے کہا کہ آپ نے میرے بیٹے ابتسام الحق کو ایشیا کپ کےلئے پاکستان انڈر 19ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق باسط علی نے یہ بات عبدالقادر کو بتاتے ہوئے اس کی صداقت پر بھی اصرار کیا ہے۔ انضمام الحق نے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزام میرے لئے باعث تشویش ہے اور اس معاملے کو چیئرمین پی سی بی کے پاس لیکر جارہا ہوں۔ یاد رہے کہ انضمام الحق کو پی ایس ایل کی پلیئرز کیٹیگری کمیٹی سے پہلے ہی فارغ کیا جاچکا ہے۔ عبدالقادر نے دعوی کیا ہے کہ باسط علی نے مجھے فون پر انضمام کے بارے میں بتایا تھا۔اب اپنی بات سے مکررہےہیں لیکن میں اپنی بات پر قائم ہوں۔ انضمام اگر سچ بول رہے ہیں تو انہیں بھی نہیں ڈرنا چاہیے۔ البتہ باسط علی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے مجھے فون نہیں کیا اور نہ دبائو ڈالا۔ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے مہم من گھڑت ہے ۔ پی سی بی چیئرمین معاملے کی تحقیقات کرائیں۔ سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف بھی انضمام الحق کے لئے میدان میں کود گئے ہیں۔ یوسف نے کہا کہ انضمام الحق ایماندار شخص ہیں اس لئے انہوں نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا اعلا ن کیا ہے۔ انضمام بھائی ایماندار ہیں۔ اس لئے انہوں نے عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کی ہے ہمیں ایک سچے شخص کی سپورٹ کرنی چاہیے۔  

تازہ ترین