• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف ایگزیکٹو کرکٹ بورڈ کیلئے عارف عباسی کے نام پر غور

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹیو آفسیر کے لئے مشہور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر عارف علی خان عباس کے نام پر غور ہورہا ہے ۔ احسان مانی اور سبحان احمد کے ساتھ انہیں آئی سی سی طرز پر اس عہدے کی پیشکش کی جائے گی۔ اس وقت عارف عباسی کراچی کے عربین سی کنٹری کلب میں سی ای او ہیں۔ انہیں ایئر مارشل (ر) نور خان جیسے عظیم ایڈمنسٹریٹرز کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے وہ اس سے قبل بھی پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو رہ چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف عباسی ، چیئرمین احسان مانی کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں۔ احسان مانی کو کرکٹ میں لانے والے عارف عباسی ہیں۔ بدھ کو نمائندہ جنگ نے اس بارے میں عارف عباسی سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کرکٹ بورڈ میں کام کرنا مشکل ہے میں اپنی لائف انجوائے کررہا ہوں۔ تاہم احسان مانی میرے دوست ہیںاگر مشورہ کیا اپنی رائے دوں گا۔ عارف عباسی نے کہا کہ پی سی بی کے اصل آئین میں چیئرمین کا کردار ثانوی ہے ۔ بورڈ کو جمہوری انداز میں چلانے جنرل باڈی اور یگزیکٹیو کونسل کا کردار اہم ہوگا۔ احسان مانی کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ موجود ہے اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات آئین کے مطابق چلائے جائیں۔ ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں تمام تر اختیارات چیئرمین نے اپنے پاس رکھے حالانکہ چیئرمین کا کام پالیسی اور حکمت عملی تیار کرنا ہوتا ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے چیف ایگزیکٹو کو ہونا چاہیے۔ میں چاہتا ہوں کہ چیئرمین سمیت ہر کوئی جواب دہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے بعد بھی پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف آپریٹنگ آفیسر کا عہدہ برقرار رہے گا۔

تازہ ترین