• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساف فٹبال، پاکستان کو سیمی فائنل میں بھارت سے شکست

  کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) منویر سنگھ کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بھارت نے ساف فٹ بال چیمپئن شپ کی سیمی فائنل میں پاکستان کو 3-1کی شکست دیدی۔ پاکستان کا واحد گول محمد علی نے کیا۔ بارش کے باعث گرائونڈ کی حالت انتہائی خستہ تھی، کھلاڑیوں کا گیند پر کنٹرول بالکل بھی نہیں رہا، کیچڑ اور پھسلن کی وجہ سے کئی کھلاڑی گرے اور زخمی ہوئے جنہیں اسٹریچر پر لٹا کر گرائونڈ سے باہر لیجایا گیا۔ بھارت سات بار چیمپئن بن چکا ہے۔ پاکستانی ٹیم اس سے قبل تین بار سیمی فائنل میں پہنچ سکی ہے۔ 1997 میں پاکستان نے برانز میڈل حاصل کیا تھا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی دفاعی حکمت عملی نے کامیابی سے محروم کردیا۔ ایک دوسرے سے الجھنے پر ریفری نے پاکستان اور بھارت کے ایک ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا کر گرائونڈ بدر کیا۔ ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں سیمی فائنل پہلے ہاف میں بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ لیکن دوسرے ہاف میں بھارتی ٹیم کھیل پر چھا گئی۔ تیسرے ہی منٹ میں عاشق کے پاس پر منویر نے گول کرکے کھاتہ کھولا۔ 69 ویں منٹ میں منویر سنگھ نے بھارت کا اور اپنا دوسرا گول کیا۔ 84 ویں منٹ میں سومیت نے تیسرا گول کرکے پاکستان کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا۔ کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل پاکستان کا واحد گول محمد علی نے کرکے اسکور 3-1 کیا۔ 
تازہ ترین