• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے کمیونٹی میں ہم آہنگی ضروری ہے،ایف آئی آر ڈی

لندن ( نیوز ڈیسک ) فورم فار انٹرنیشنل ریلیشنز ڈیولپمنٹ ( ایف آئی آر ڈی) نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کا حل کمیونٹی کی ہم آہنگی میں ہے جبکہ ڈائیورسٹی کیلئے مسلمانوں کی زیر قیادت تنظیمیں اہمیت رکھتی ہیں۔یہ ریمارکس ایف آئی آر ڈی کی جانب سے منعقدہ عید الاضحی استقبالیہ میں دیا گیا جس کی میزبانی الشہدا ہائوسنگ ایسوسی ایشن ( اے ایس ایچ اے) کی جانب سے کی گئی تھی۔ طحہ قریشی ایم بی ای، ہیلن ہیز ایم پی اور کونسلر لیاقت علی نے حاضرین سے خطاب کیا۔اس تقریب کو سکول آف اکنامکس اینڈ لا اور سٹاک ویل کمیونٹی سروسز کا تعاون حاصل تھا۔ الشہدا ہائوسنگ ایسوسی ایشن کے چیئر مین طحہ قریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ برطانیہ میں 1989میں قائم ہونے والی ایک مسلمان کی زیر قیادت اپنی نوعیت کی پہلی تنظیم ہے۔ تنظیم لندن میں لمبیتھ اور سائوتھ وارک کے امتیازی بوروز میں ہاسٹلز ، فلیٹس اور مکانات میں ہائسنگ سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اے ایس ایچ اے کے پاس لمبیتھ میں عام ضروریات کے 149 مکانات، ہاسٹل بیڈ کی 51 جگہیں اور قیام کیلئے 51 جبکہ سائوتھ وارک میں21انتظامات ہیں۔ہائوسنگ،کمیونٹیزاور لوکل گورنمنٹ سلیکٹ کمیٹی کی رکن اپم پی ہیلن ہیز نے عید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں اپنی کمیونٹی میں ان لوگوں کی یاد دلاتی ہے جن کو ہماری مدد کی ضرورت ہے جبکہ یہ دن ہمیں چیلنجوں اور تقسیم سے نمٹنے کیلئے کام پر زور دیتی ہے۔لمبیتھ کے ڈپٹی میئر کونسلر ابراہیم ڈوگس کا کہنا تھا کہ عید الاضحی انتہا پسندی کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے اور ہمیں یاد دہانی کراتی ہے کہ خدا کے نام پر انسانی زندگی قربان نہیں کی جاسکتی۔عمر محمود نے کہا کہ عید چیریٹی کا وقت ہے اور اس بات پر تعجب نہیں کہ برطانیہ میں مسلمان سب سے زیادہ عطیات دینے والی قوم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی مالیات جس میں زکوۃ شامل ہے،2020 تک 2.3 ٹریلین پونڈز تک پہنچ جانے کا تخمینہ ہے۔سائوتھ وارک کی میئر کیتھرائین روز نے کہا کہ ایف آئی آر ڈی اور اے ایس ایچ اے کی جانب سے کئے گئے کام کو سراہنے کی علامت کے طور پر عید استقبالیہ میں شرکت پر خوشی ہوئی ہے۔برٹش مسلم میئر ایسوسی ایشن کےچیئرمین کونسلر لیاقت علی ایم بی ای نے گزشتہ 15سال سے زائد عرصے کے دوران ایف آئی آر ڈی کی جانب سے کئے گئے کام کو سراہا۔آخر میں الشہدا ہائوسنگ ایسوسی ایشن بورڈ کے رکن پرنس کمانڈا نے تقریب میں شریک ہونے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین