• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نااہلی کیس، اسلام آبادہائیکورٹ کی ڈویژن بنچ کی سماعت سے معذرت

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواستوں کی شنوائی کیلئے نیا بنچ تشکیل دینے کی متفرق درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی ہے جس پر نئے بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ ایک بار عدالت عالیہ کے چیف جسٹس کو بھیج دیا گیا۔ شہری حافظ احتشام کی جانب سے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کیلئے نیا بنچ تشکیل دینے کی متفرق درخواست دائر کی گئی تھی۔ گزشتہ روز جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جلد سماعت کیلئے دائر متفرق درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی اور نئے بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ڈویژن بنچ میں شامل دونوں ججز عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کرنے سے پہلے ہی معذرت کر چکے ہیں ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ معاملے کی سماعت کے لئے نیا بنچ تشکیل دیں۔ واضح رہے کہ عمران خان نااہلی کیس کے پٹیشنر حافظ احتشام احمد نے عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے لئے فوری طور پر نیا بنچ تشکیل دیکر کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لئے مقرر کرنے کے لئے گزشتہ روز متفرق درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے اور اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان کا ذکر نہیں کیا لہٰذا آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت انہیں کسی بھی عوامی عہدہ کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔

تازہ ترین