• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اپنے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کر رہے،خورشیدشاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے مشرف کے مارشل لا کے دور میں جو جدوجہد کی وہ تاریخ کا حصہ رہے گی‘بیگم کلثوم نواز ایک بہترین خاتون اور سیاستدان تھیں، ان کے انتقال پر شریف خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وہ سکھر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ عمران خان نے لوگوں سے جو وعدے کیے ہیں وہ ان پر عملدرآمد کرتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے ہیں، ان کی حکومت نے گیس کی قیمتیں 46فیصد بڑھا دی ہے جس سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اس کے باوجود ہم حکومت کو موقع دیں گے کہ وہ کام کرے تاکہ وہ کل یہ نہ کہہ سکے کہ ان کے کام میں رکاوٹیں ڈالی گئی ہیں۔گزشتہ 10سال کے دوران پی پی نے عوام کیلئے جو کام کئے ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، سندھ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا گیا ہے، یونیورسٹیز بن رہی ہیں، جدید اسپتال قائم کئے جارہے ہیں، جہاں عوام کو علاج و معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
تازہ ترین