• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلثوم کا جنازہ کل، نوازشریف کی طبیعت خراب،ملاقاتیں آج سے، پیرول میں توسیع، پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی

لاہور(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ملک بھر کی فضاء سوگوار ہے ،جاتی امراء تعزیت کے لئے آنے والوں کا تانتا بندھا رہاجبکہ نوازشریف کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ان سے تعزیتی ملاقاتوں کا سلسلہ روک دیا گیا‘نواز شریف اور مریم نواز نے صرف خاندان کے افراد سے ملاقات کی جبکہ آج ( جمعرات) کو شام چار بجے سے چھ بجے تک تعزیت کے لئے آنے والوں سے ملاقات کریں گے،ڈاکٹروں نے سابق وزیر اعظم کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف کا گلا خراب اور بخارکی شکایت ہے‘ادھر مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہباز شریف میت لینے لندن روانہ ہو گئے ،مرحومہ کی نماز جنازہ آج ( جمعرات )لندن میں ہو گی جبکہ کل (جمعہ ) شریف میڈیکل سٹی میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جاتی امراء میں تدفین کی جائے گی ۔پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطح وفدجنازے میں شرکت کرے گاجبکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری جنازے کے بعد جاتی امراء جائیں گے‘ادھرپنجاب حکومت نےنوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی پیرول پر رہائی میں مزید تین روز کی توسیع کر دی‘ ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ کلثوم نواز کی میت پاکستان آنے میں کسی تاخیر پر پے رول میں مزید اضافہ کردیا جائے گا ‘محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محمد نوازشریف سمیت تینوں قیدی جاتی امراء تک محدود رہیں گے‘حکومت نے کلثوم نواز کی تدفین کے احترام میں پارلیمنٹ کاآج ہونیوالا مشترکہ اور کل سینیٹ وقومی اسمبلی کے ہونیوالے اجلاس ملتوی کر دیے ‘مجلس شوریٰ کا اجلاس 17ستمبر کوطلب کیے جانے کا امکان ہے‘گزشتہ روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، پرویز رشید ، جاوید ہاشمی ،خواجہ سعد رفیق ، خرم دستگیر ، پرویز ملک ، مریم اورنگزیب ، آصف کرمانی ،امیر مقام سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد اظہار تعزیت کیلئے جاتی امراء پہنچی جنہوں نے حمزہ شہباز سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔بتایا گیا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم کے انتقال کے باعث صدمے سے دوچار ہیں جس کے باعث انہوں نے گزشتہ روز خاندان کے افراد کے علاوہ کسی سے ملاقات نہ کی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر اور خاندان کے دیگر افراد انہیں دلاسہ دیتے رہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجما ن مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیراعظم محمد نوازشریف آج بروز ( جمعرات ) شام 4سے 6بجے تک تعزیت کیلئے آنے والوں سے ملاقات کریں گے ۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی میت لینے لندن روانہ ہو گئے ۔وہ نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے براستہ دوحہ لندن پہنچیں گے‘مرحومہ کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات کو سینٹرل ماسک ریجنٹ پارک لندن میں ادا کی جائے گی جس میں خاندان کے افراد سمیت دیگر اہم شخصیات شر کت کریں گی ۔شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ جمعہ کے روز لاہور واپس پہنچیں گے اور دیگر اہل خانہ بھی پاکستان آئیں گے۔ (ن) لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کل بروز جمعہ شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی، جاتی امراء میں ادا کی جائے گی او ران کی جاتی امراء میں ہی تدفین کی جائے گی۔ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل مورخہ 16ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امرا ء میں ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے پرویز ملک ، خواجہ عمران نذیر ،علی پرویز ملک ، عطاء تارڑ ، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق اور ڈی آئی جی سکیورٹی ودیگر کے ہمراہ جاتی امراء میں بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ کی ادائیگی کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔پولیس کی جانب سے جاتی امراء اور اسکے اطراف سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور ٹریفک کی روانی کیلئے بھی وارڈنز تعینات کیے گئے تھے ۔ادھر حکومت نے کلثوم نواز کی تدفین کے احترام میں پارلیمنٹ کاآج ہونیوالا مشترکہ اور کل سینیٹ وقومی اسمبلی کے ہونیوالے اجلاس ملتوی کر دیے ‘یہ اجلاس 17ستمبر کو طلب کیے جانے کا امکان ہے‘ اس بات کی تصدیق گذشتہ شام قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کی ہے‘ میڈیا کے نمائندوں کے رابطوں پر عامر ڈوگر نے بتایا کہ 14ستمبر کو قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے‘امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ مشترکہ اجلاس پیر 17ستمبر جبکہ سینیٹ وقومی اسمبلی کے اجلاس 18ستمبر کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین