• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول سروس اصلاحات پر ٹاسک فورس کا اجلاس کل ہوگا،ڈاکٹر عشرت

اسلام آباد (رپورٹ: مہتاب حیدر) ادارہ جاتی اصلاحات اور بچت پر وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطحوں پر مشاورت کے بعد ہی سول سروس میں اصلاحات پر عمل درآمد کے منصوبے پر کام شروع ہوگا۔ سول سروس اصلاحات پر وزیر اعظم عمران خان کی تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس کل جمعہ کو ہورہا ہے جس میں تمام ارکان کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کیا کائے گا اور اس حوالے سے روڈ میپ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ بدھ کو رابطہ کرنے پر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مشاورت اور انہیں اعتماد میں لینا اتفاق رائے کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔ تاکہ مطلوبہ مقاصد کے حصول میں پیش رفت ہوسکے۔ ماضی میں کبھی اصلاحات کے منصوبوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد نہیں ہوا۔ پرویز مشرف ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں کوششیں ناکام ہوئیں اور انہیں چلنے نہیں دیا گیا۔ کارکردگی کے اشاریوں میں اس کا اندازہ اور قابل پیمائش اقدامات کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ کیریئر میں ترقی کی بنیاد گزشتہ کارکردگی ہونی چاہیے۔ کیرئیر میں آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع دستیاب ہونے چاہیں۔ استحقاق کے بجائے اہلیت کی جانب ذہنیت کو تبدیل کرنا چاہیے۔ اعلیٰ سروس کی جگہ تمام طبقہ ہائے ملازمت کے لیے ذہن تبدیل کرنے ہوں گے۔ تمام سرکاری ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ پر عمدہ مالی فوائد سمیت گزارا الائونس اور زر تلافی کے پیکجز دینے چاہیں۔ مدت ملازمت کو مکمل تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔  

تازہ ترین