• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے پیرول کی درخواست پر دستخط سے انکار کردیا تھا

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر نے پیرول پررہائی کی درخواست پر دستخط کرنے سے انکار کردیاتھا جس کے بعدمیاں شہباز شریف نے اپنے نام سے درخواست دی اوراس پردستخط کئے اسی وجہ سے پیرول پر رہائی میں تاخیرہوئی‘ ذرائع کاکہناہے کہ میاں شہبازشریف منگل کی شام 6بجے اڈیالہ جیل پہنچ گئے تھے اوراس کے بعدانہوں نے اعلیٰ حکام سے سابق وزیراعظم‘ ان کی بیٹی اوردامادکی کلثوم نوازکے جنازہ میں شرکت کے لئے پیرول پررہائی کے لئے رابطے شروع کردئیے ‘اس حوالے سے انہیں آگاہ کیاگیاکہ پیرول کے لئے باقاعدہ درخواست دی جائے اس حوالے سے جب میاں نوازشریف سے کہاگیاکہ درخواست ان کی جانب سے دی جائے گی جس پرانہوں نے درخواست دینے سے انکارکردیا‘ میاں نوازشریف اورمریم نوازکامؤقف تھا کہ جو نقصان ہونا تھا وہ ہوچکا، خداکو یہی منظورتھا۔اس موقع پر شہباز شریف کامؤقف تھاکہ میاں نوازشریف کوپیرول پررہائی کے لئے قانونی طریقہ کاراختیارکرناچاہئے ‘انہوں نے اپنے بڑے بھائی اور اپنے پارٹی قائد سے پیرول پر رہائی کے لیے پرزور اصرار کیا لیکن میاں نوازشریف نہ مانے جس کے بعد نئی درخواست تیارکی گئی اوریہ درخواست میاں شہبازشریف کی جانب سے دی گئی جس میں انہوں نے میاں شہباز شریف اپوزیشن لیڈرنیشنل اسمبلی پاکستان لکھ کراس پر اپنے دستخط کئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقع پر نواز شریف کوقائل کرنے کی بہت کوشش کی ان کاکہناتھا کہ یہ بہت بڑا حادثہ ہے اور پیرول پر رہائی کی اجازت قانون دیتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت گزر گیا تو ساری عمر کا پچھتاوا رہ جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ آپ لوگوں کو کلثوم بھابھی کا آخری دیدار کرنا چاہیے۔

تازہ ترین