• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کیساتھ گہرے اقتصادی تعلقات اور اعتماد کو حکومت نے دھچکا لگایا، فضل الرحمٰن

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) مولانا فضل الرحمٰن نےجے یو آئی( ف) کی آئندہ پانچ سال کیلئے رکنیت سازی کا افتتاح کردیا ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں مو لانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی غریب لوگوں کی جماعت ہے، ہمیشہ سرمایہ داریت اور جاگیرداریت کی مخالفت کی ہے۔ہم عالمی اور ملکی اسٹیبلشمنٹ کو ناراض کرکے بھی طاقت ور رہے ہیں۔ہمارے راستے میں ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ رکاوٹ رہی ہے۔تمام ادارے اپنی آئینی ذمہ داریوں سے اسی وقت عہدہ براہ ہوسکتے ہیں جب آئین پر عمل ہوگا۔اس وقت ملک کیلئے بہت مشکل صورتحال ہے، خارجہ پالیسی اضطراب کا شکار ہے ،حکمراں سفارتی آداب سے عاری نظر آرہے ہیں، چین کے ساتھ جوگہری اقتصادی دوستی میں تبدیل ہوئی اس اعتماد کو نئی حکومت دھچکا لگایا ہے۔سی پیک مستحکم مستقبل کا ضامن تھا وہ عدم اعتماد کا شکار ہورہا ہے۔قادیانی آج پھر متحرک ہوگئے جنہیں حکمران سپورٹ کررہے ہیں ملکی معیشت کو بین الاقوامی معیشت کے تابع بناکر یہودی لابی کے کنٹرول میں دینےکی کوشش ہو رہی ہے۔ دینی مدارس سرکاری طور پر منظور شدہ نیٹ ورک ہیں تمام مکاتب کے مدارس ایک ہی نیٹ ورک سے منسلک ہے لیکن حکومت نے یکطرفہ طور پر رجسٹریشن منسوخ کردی ہے نئے مدارس فارموں کو سربازار پھاڑیں گے اور مزاحمت کرینگے، ہم تیار ہیں حکومت بتائے وہ کتنا تیار ہے۔تمام دینی مدارس کے اجلاس صوبائی سطح پر طلب کر لئے گئے ہیں اب بھی وقت ہے حکومت اپنے فیصلے واپس لے ورنہ عاطف میاں کی طرح یہ فیصلہ واپس کرائینگے۔ بیگم کلثوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور بلندی درجات کیلئے دعا گو ہیں۔ نور الحق قادری قابل احترام لیکن وہ پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ ہیں۔ پورے ملک میں صرف ایک عالم تحریک انصاف کو مل گیا ہے جسے اب آگے کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں مولانا فضل الرحمٰن نے رکنیت سازی کا فارم پر کرکے رکنیت سازی کا آغاز کیا مولانا راشد محمود سومرو کو جے یو آئی ف کا مرکزی چیف الیکشن کمشنر بنادیا گیا۔
تازہ ترین