• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، جماعت الدعوۃکیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل مسترد

اسلام آباد( صباح نیوز ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن کیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں ملک بھر میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔ فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ یہ حق اور سچ کی فتح ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے دن سپریم کورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سردار طارق مسعود نے کیس کی سماعت کی اور لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن کے حق میں فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کے حکم نامہ کو برقرار رکھا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے مسٹرجسٹس امین الدین خان نے حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی طرف سے جماعت الدعوۃ اور ایف آئی ایف کیخلاف حکومتی رکاوٹوں سے متعلق دائر کیس پر سماعت کرتے ہوئے رواں برس 4؍اپریل کوحکم جاری کیا تھا کہ جماعت الدعوۃ اور اسکے رفاہی ادارے کیخلاف کوئی ایسا اقدام نہ اٹھایا جائے جس سے انکی رفاہی و فلاحی سرگرمیاں متاثر ہو نے کا اندیشہ ہو۔ اس واضح فیصلہ کے بعد سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ہدایات پرمحکمہ داخلہ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کیا تھا جس پر فاضل عدالت نے مذکورہ کیس کی سماعت کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے حکم نامہ کو برقرار رکھتے ہوئے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن کو ملک میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔
تازہ ترین