• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخبار ی اشتہارات کی غیر جانبدار پالیسی تیار کی جا رہی ہے،صوبائی وزیر اطلاعات

لاہور( نمائندہ جنگ)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کے 50لاکھ گھرتعمیر کرنے کے منصوبے میں صحافیوں کیلئے کوٹہ مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ پنجاب بھر کے صحافیوں کو انصاف صحت پروگرام کے علاوہ خصوصی ہیلتھ کارڈز بھی جاری کئے جائیں گے۔ صحافی کالونی کے بی بلاک اور ایف بلاک کے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں گے۔ اخبارات کو اشتہارات جاری کرنے کی جامع اور غیر جانبدار پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روزلاہور پریس کلب میں’’ میٹ دی پریس ‘‘ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صد ر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری اور دیگر عہدیداران کے علاو ہ ڈی جی پی آر امجد حسین بھٹی بھی موجود تھے ۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ڈی جی پی آر میں اشتہارات کے اجرا کی پالیسی کی تیاری سے ڈمی اخبارات کو فارغ کر دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اشتہارات کی پالیسی سے متعلقہ اخبار کی سرکولیشن کوبھی دیکھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے اخبارات پاکستان ٹائمز، مشرق، امروز کے اثاثوں کی لوٹ مار اور اِن اداروں میں کام کرنے والے صحافیوں کے خاندانوں کے معاشی استحصال کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
تازہ ترین