• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کے بڑھتے پاگل پن کو عالمی برادری لگام ڈالے، ایران

  تہران(آئی این پی )ایران کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کا پاگل پن بڑھتا جا رہا ہے، عالمی برادری راہ راست پر لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، ایران کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا تو وہ سمندر پار بھی حملوں کے لئے تیار رہے۔ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ امریکا ایران کے بعد اب عالمی فوجداری عدالت پر بھی پابندیاں لگانے کی دھمکیاں دینے لگا ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ امریکی حکومت کو سمجھائے۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر یحیی رحیم صفوی کا کہنا ہے کہ اگر ایران کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا تو وہ صرف زمینی، فضائی اور بحری راستوں سے سرحد کے باہر جواب دینے پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ سمندر پار حملے بھی کرے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے عالمی فوجداری عدالت کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ججوں کی گرفتاری سمیت سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ امریکی مشیر جان بولٹن کا کہنا تھا کہ اگر عالمی فوجداری عدالت امریکی، اسرائیلی یا اتحادی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
تازہ ترین