• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیت المال کے فنڈز ریلیز نہ ہو سکے،سائلین اور مریض مشکلات کا شکار

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان بیت المال میں رواں سہ ماہی کے فنڈز نہ ملنے سے سائلین رل گئے۔ ادارے کی ایک افسر نے بتایا کہ بیت المال کو سالانہ 5ارب روپے ملتے ہیں ۔ رقم ہر تین ماہ بعد ریلیز کی جاتی ہےاور پھر یہ رقم پالیسی کے تحت غربا، مستحقین، اور خاص طور پر مریضوں میں تقسیم کی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی مریض انتہائی سیریس ہیں ۔کینسر کے مریضوں کا علاج تو بہت مہنگاہے گزشتہ جولائی، اگست اور اب ستمبر بھی آدھا گزر گیا فنڈز حکومت نے ریلیز نہیں کئے جس کی وجہ سے بیت المال کے ذریعے علاج کرانے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس روزانہ مریضوں کے لواحقین اور رشتہ دار آکر جھگڑتے ہیں ہم کہاں سے انہیں رقم دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بیت المال کے ایم ڈی کا عہدہ خالی ہے بیرسٹر وحید شیخ کے استعفیٰ کے بعد مبشر احمد کو قائم مقام ایم ڈی کا عہدہ دیا گیا تھا وہ بھی اب ٹرانسفر ہو گئے ہیں اب کیبنٹ ڈویژن کے ایک ایڈیشنل سیکرٹری بیت المال کے معاملات دیکھ رہے ہیں ۔ رواں سہ ماہی کے فنڈز ریلیز ہی نہیں کئے گئے جس کے بعد لاکھوں مستحقین اور خاص طور پر مریض رل گئے ہیں ۔ان لواحقین اور مستحقین نے جنگ کو بتایا کہ ہمیں روزانہ یہاں کے چکر لگانے پڑتے ہیں فنڈز نہ ہونے کا کہہ کر ہمیں ٹال دیا جاتا ہے ہمارے مریض قریب المرگ ہیں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر بیت المال کے سہ ماہی فنڈز ریلیز کئے جائیں ڈیڑھ سے دو ہزار مریض ہیں ان میں کینسر کے مریضوں کو دوسرا اور تیسرا ٹیکہ بھی میسر نہیں ہے۔
تازہ ترین