• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت عمرفاروقؓ کی مثالی زندگی حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے،علماء

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) سنی رابطہ کونسل کے زیر اہتمام مراد نبیﷺ ،داماد علیؓ حضرت عمرفاروقؓ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جلوس نکالا گیا جس کی قیادت قاری عبدالواحد، مولانا اقبال صدیقی، مولانا عبدالرحمن معاویہ، مولانا عثمانی ،حافظ نصیر احمد اور مولانا عطاء محمد دیشانی نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا عطاء محمد دیشانی نے کہا کہ عمر فاروق ؓکی مثالی زندگی مسلمانوں کیلئے نمونہ اور حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے حکمران بھی اگر عمر فاروق ؓکے سنہری اصولوں کو اپنائیں تو ملکی استحکام ،معیشت، امن و امان، امور خارجہ و داخلہ کی صورتحال بہتر بنا سکتے ہیں۔ عظیم فاتح حضرت عمرؓ نے قرآن و سنت کی تعلیمات اور خداداد صلاحیت سے جس انداز سے جہاں بانی کی تاریخ رقم کی، اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ اپنوں کے علاوہ غیر مسلم بھی ان کے نظام عدل کے متعرف ہیں۔ غریب پر وری، عوام کی خبر گیری دشمن پر نظر، امن و امان، خصوصاً حدود اللہ شعائر اللہ کا تحفظ ان کے نظام کے خصوصی اوصاف تھے ۔دیگر علماء نے کہا کہ مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے آج پھر حضرت عمرؓ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حضرت عمر ؓکے یوم شہادت پر یکم محرم کو عام تعطیل کرکے سرکاری سطح پر منایا جائے ۔
تازہ ترین