• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:گھریلو جھگڑا، ملزم نے والدہ سمیت 3افراد کو زخمی کر دیا

کراچی کے علاقے کورنگی میں گھریلو جھگڑے پر ملزم نے فائرنگ کرکے اپنی والدہ سمیت 3 افراد کو زخمی کر دیا۔

کورنگی میں لیبر اسکوائر کے قریب افتخار نامی ملزم نے گھر میں فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کی والدہ 45سالہ طاہرہ بیگم ،9سالہ بھتیجی ہانیہ اور کزن جاوید زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا، ملزم کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، جو فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ادھر کراچی میں جمشید روڈ پر مسلح ملزمان نے نجی ٹی وی کے 2رپورٹروں کو قیمتی موبائل فونز اور نقدی سے محروم کر دیا۔

پولیس کے مطابق جمشید روڈ پر دو مسلح موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نجی ٹی وی کے 2رپورٹروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور 4 قیمتی موبائل فون لوٹ لئے۔

ملزمان 20ہزار روپے کی نقد رقم چھین کر اور قیمتی گھڑی بھی اترواکر لے گئے، واقعے کا مقدمہ جمشید کوارٹر تھانے میں درج کرلیا گیاہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت لودھی گروپ کےاختر پٹھان اور کامران کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل نمبر KLP5230کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین