• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کراچی میں بچوں کی گمشدگی بہت بڑا مسئلہ ہے‘‘

سندھ کے نئے آئی جی سید کلیم امام کہتے ہیں کہ کراچی میں بچوں کا لاپتہ ہونا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، ہم ہرممکن بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔

نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے مزار قائد پر حاضری دی، ان کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے، آئی جی سندھ نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شکر گزار ہوں کہ آئی جی سندھ بننے اور خدمت کرنے کا موقع ملا، یقین دلاتا ہوں کہ پروفیشنلزم سے کام کریں گے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز کو میرٹ پر تعینات کریں گے، سندھ حکومت نے آزادنہ کام کرنے کا حکم دیا ہے، غیر جانبدار رہتے ہوئے پولیس اپنا کام جاری رکھے گی۔

آئی جی سندھ سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیف سٹی پروجیکٹ بہت پہلے مکمل ہوجانا چاہیے تھا، کوشش کریں گے کہ اس منصوبے کو پورا کریں، پولیس پر کوئی دباؤ نہیں، اچھا کام کرنے والے کو انعام دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس کے شہداء،غازیوں اور شہداء کے لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء کے بچے ہمارے بچے ہیں، کراچی بڑا شہر ہے، پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے۔

تازہ ترین