• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد صابری کے بعد سلیم صابری کس حال میں ہیں ؟

ہردلعزیز قوال امجد صابری کو کراچی میں دو سال پہلے قتل کیا گیا تھا دہشت گردوں کی فائرنگ سے کار میں امجد صابری کے ساتھ موجود ان کے رشتےدار سلیم صابری شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں سندھ حکومت نے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا جو ابھی تک ادا نہیں کیا گیا ہے۔

امجد صابری کے بعدسلیم صابری کے روزگار کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا، وہ کراچی کےعلاقے کورنگی میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

سلیم صابری دو کمروں پر مشتمل کرائے کے چھوٹے سے مکان میں رہائش پذیر ہیں، ان کی آمدنی نہ ہونے کے برابر اور وہ شوگرجیسے تکلیف دہ مرض میں مبتلا ہیں۔ ان کے چار بچوں میں ایک ذہنی معذور لڑکا بھی شامل ہے جنہیں فیس کی عدم ادائیگی کے باعث اسکول سے نکال دیا گیا۔

یہ حال ہے سلیم صابری کاجو مرحوم امجد صابری کے ساتھ قوالی گاکر اپنےخاندان کا گزارہ چلارہے تھے۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے امجد صابری موقع پرہی جاں بحق جبکہ کار میں موجود سلیم صابری شدید زخمی ہوگئے تھے۔ سندھ حکومت نے انہیں 15 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا مگر یہ اعلان آج بھی زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھا۔

سلیم صابری نے معاوضے کے لیے وزیراعلیٰ ہاوس پر مظاہرہ کیا تو وزیراعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے انہیں معاوضہ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر وہ بھی بھول گئے۔

سلیم صابری کا ہاتھ ہی نہیں بلکہ زندگی بھی تنگ ہوگئی ہے۔انہوں نے اپیل کی ہے کہ حکومت اعلان کردہ معاوضہ فراہم کردے تو ان کے بچے اسکول جانے اور دو وقت کی روٹی کھانے کے قابل ہوجائیں گے۔

تازہ ترین