• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری عمارتیں ہوٹل میں تبدیل ہوں گی، وزیراعظم ہائوس یونیورسٹی بنے گا،گورنر ہائوسز میوزیم، شفقت محمود

اسلام آباد(نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ درجہ کی یونیورسٹی اور چاروں گورنر ہاؤسز کو میوزیم بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر سرکاری عمارتوں کو سیاحتی مقامات اور ہوٹلز میں تبدیل کیا جائیگا، تین گورنر ہاؤسز کے میدانوں کو پبلک پارک جبکہ بلوچستان گورنر ہاؤس کے میدان کو صرف خواتین کیلئے پارک میں تبدیل کیا جائیگا، گورنر پنجاب کیلئے چمبہ ہاؤس لاہور جبکہ گورنر سندھ کیلئے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں دفاتر قائم کئے جائینگے، سٹیٹ گیسٹ ہاؤس لاہور، قصر ناز ہاؤس کو فائیو سٹار ہوٹل اور نتھیا گلی گورنر ہاؤس کو ریزارٹ ہوٹل بنایا جائیگا، فیصلے سے سالانہ 115 ؍کروڑ روپے بچت کیساتھ آمدن بھی ہوگی، گورنر ہاؤس کراچی پر صوبائی حکومت کیساتھ ملکرفیصلہ کرینگے۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہیریٹیج عمارات کے دوبارہ استعمال کے مجوزہ منصوبہ کے بارے میں اب تک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا، اجلاس کے بعد میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا وزیراعظم نے کہا حکومتوں کے شاہانہ طرز طریقہ سے لوگ پریشان ہیں اسلئے حکومت نے شاہانہ اخراجات ختم کر کے سادگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کیلئے وزیراعظم نےفیصلہ کیا وہ وزیراعظم ہاؤس اور گورنر گورنر ہاؤسز میں نہیں رہینگے، انہوں نے کہا1096کنال پرمشتمل وزیراعظم ہاؤس کا سالانہ خرچہ 47 کروڑروپے ہے، مجموعی طورپر وزیراعظم اور گورنر ہاؤسز پر 115 کروڑ روپے سالانہ خرچ آتا ہے، انکویونیورسٹی، ہوٹل اور میوزیم بنانے سے 115 کروڑ روپے کی بچت کیساتھ آمدن بھی ہو گی، وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ درجہ کی یونیورسٹی میں تبدیل کیا جائیگا، وزیراعظم ہاؤس کے پیچھے زمین پر یونیورسٹی کیلئے نئی عمارت تعمیر کی جائیگی، یونیورسٹی کیلئے پی سی ون بنایا جائیگا یونیورسٹی قیام کیلئے وزیر تعلیم ، چیئرمین ایچ ای سی اور ڈاکٹر عطاءالرحمن پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے جو اسکو تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنائیگی، گورنر ہاؤس مری کی تزئین و آرائش پر حال ہی میں پنجاب حکومت نے 60 کروڑ روپے خرچ کئے اسکو ہیریٹج بوتیک ہوٹل بنایا جائیگا اس پر سالانہ چار کروڑ روپے کے اخراجات آتے تھے۔

تازہ ترین