• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، شریف فیملی کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دینے کیلئے نیب استدعا مسترد

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سنائی گئی سزاؤں کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواستوں کی سماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے شریف فیملی کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کی نیب کی استدعا مستردکر دی۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے ریفرنس منتقلی کے فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ میں غلط بیانی کے معاملے پر جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا کہ اتنے اہم کیس میں سپریم کورٹ میں کیسے دو ریفرنسز کی منتقلی پر غلط بیانی کی گئی؟ اس پرنیب پراسیکیوٹر نے نواز شریف فیملی کے خلاف دیگر دو ریفرنسز منتقلی کے ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلہ بارے سپریم کورٹ میں غلط بیانی پر معافی مانگ لی۔ پیر کو آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سزا معطلی و ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر جوابی دلائل مکمل کریں گے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کی تونیب کے سپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی نے نوازشریف کی سزا معطلی کی درخواست کی پھر مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ سزا کے خلاف اپیل کی صورت میں قانونی راستہ موجود ہے۔ اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے نیب پراسیکیوٹرکو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ رضامندی ظاہر کردیں کہ ٹرائل کورٹ میں سماعت نہیں ہوگی تو پھر ہم اپیل سن لیتے ہیں،ہم تمام افراد کے ساتھ برابری کا برتائو کرتے ہیں ، سزا کالعدم قرار دینے کی اپیلیں بعد میں سنی جائیں گی، اس حوالے سے ہم نے حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے اور بتادیا ہے کہ ہم اپیل کے بجائے سزا معطلی کی درخواست کیوں سن رہے ہیں۔

تازہ ترین