• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت نے لگژری اور بلٹ پروف گاڑی رکھنے کا جواز تیار کرلیا

کراچی (صباح نیوز) سندھ حکومت نے لگژری اور بلٹ پروف گاڑیاں رکھنے کا جواز تیار کرتے ہوئے قانون سازی کر لی جس کی کابینہ سے منظوری لی جائیگی۔ بتایا جاتا ہے کہ اب وزراء، مشیر، سرکاری افسران اور پولیس حکام بلٹ پروف اور لگژری گاڑیاں رکھ سکیں گے۔ حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال ٹھیک نہیں، اس لیے حفاظت کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں ضروری ہیں۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سندھ کابینہ کا خصوصی اجلاس جمعہ کے روز طلب کر لیا گیا ہے جس میں بلٹ پروف اور لگژری گاڑیاں رکھنے کی منظوری لی جائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز میڈیا کے ذریعے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سندھ کے وزرا ، مشیروں، پولیس حکام اور دیگر سرکاری افسران نے لگژری اور بلٹ پروف گاڑیاں چھوڑنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔اس سے قبل چیف سیکریٹری نے تین دن کے اندر تمام گاڑیاں واپس کرنے کے احکامات جاری کیے لیکن الٹی میٹم کے باوجود ایک بھی گاڑی واپس نہیں مل سکی ہے۔سندھ کے وزرا اور سرکاری افسران نے گاڑیاں واپس دینے سے انکار کر دیا ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی گاڑیاں واپس کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

تازہ ترین