• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم ایک روزہ دورے پر اتوار کو کراچی آئیں گے

وزیر اعظم عمران خان اتوار کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں وہ مزار قائد پر حاضری سمیت امن و امان سمیت وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔

عمران خان وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کےبعد اتوار کو پہلی بار کراچی کے ایک روزہ دورے پر آرہے ہیں، وہ پہلے مزار قائد پر حاضر ی دینے کے ساتھ محترمہ فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کی آمد پر روایت کے برعکس تمام اجلاس گورنر ہاؤس کے بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوں گے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس بھی ہو گا جس میں گرین لائن بس منصوبے، فراہمی آب کے منصوبے کے فور اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں ان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس بھی ہو گا جس میں گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت کورکمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پودا لگانے کے علاوہ تاجروں، نمایاں شخصیات اور صحافیوں کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

اتوار کی رات وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں فنڈ ریزنگ عشائیے میں شرکت کریں گےاور اسی رات اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔

تازہ ترین