• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس،اہم امور پرمشاورت

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں دوست ملکوں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر سینئر حکام نے شرکت کی ۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں بعض دوست ملکوں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور سیکورٹی کے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے کی سلامتی کی صورتحال،افغان مصالحتی عمل سمیت پاک افغان سرحدی امور بھی زیر غور آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیرخارجہ کے کل کے دورہ افغانستان کے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ افغان صدر کو وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام بھی پہنچائیں گے۔

افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو نئی جہت پر استوار کرنے پر بات ہوگی۔

وزیر خارجہ اپنے دورہ افغانستان میں مصالحتی عمل میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کریں گے۔

تازہ ترین