• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کو درپیش خطرات کی نوعیت بدل گئی ہے،پیپلز پارٹی

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کو درپیش خطرات کی نوعیت بدل گئی ہے ۔

عالمی یوم جمہوریت (15ستمبر ) کی مناسب سے الگ الگ پیغامات میں پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے کہا کہ صرف جمہوریت ہی مضبوط اور خوشحال وفاق پاکستان کی ضمانت ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت انسانی تاریخ کا نچوڑ اور بہترین طرزِ حکمرانی ہونے کے باوجود تاحال دنیا میں اور خصوصاً تیسری دنیا کے ممالک میں عوام دشمن قوتوں کے مقابلے میں کمزور ہےلیکن تاریخ کاحاصل یہی ہے کہ آخری فتح عوام کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، جمہوریت کی خاطر عظیم جدوجہد اور قربانیاں دیں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور عوام کے لئے چیلنجز و مشکلات ختم نہیں ہوئیں اور ایک مضبوط جمہوری نظام و انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لئے ابھی طویل سفر باقی ہے۔

انہوں نے دیگر چیلنجز کے علاوہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ مٹھی بھر عوام دشمن قوتیں دنیا میں امن اور ترقی نہیں چاہتیںکیونکہ وہ ان کے لئے ابدی موت ہے۔

آصف زرداری نے کہاکہ قانون کی حکمرانی شفافیت، سب کے احتساب اور مخالفت کی آواز برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کا آئینی حدود میں کام کرنے اور ان کا احترام کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ جمہوریت کو درپیش خطرات کی نوعیت بدل گئی ہے،سابق صدر نے زور دیا کہ ملک کے تمام اداروں سے کہا کہ وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔

آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ ایک وقت تھا جب جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہوتا تھا اور اسے نظریہ ضرورت لیگل فریم ورک آرڈر اور پی سی اوز کے ذریعے تحفظ دیا جاتا تھا اور ایسے اقدامات کو پی سی او جج تحفظ فراہم کرتے تھے۔

ان کا کہناتھاکہ جمہوریت کو انتہاپسندوں اور عسکریت پسندوں سے خطرہ لاحق ہے ، یہ لوگ اپنا ایجنڈا پارلیمنٹ کے بجائے طاقت کے ذریعے مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ عالمی یوم جمہوریت مناتے وقت ہمیں عوام کو جمہوریت کو لاحق ان نئے خطرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم جمہوریت کی حفاظت کر سکیں۔

تازہ ترین