• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ کا دورہ کابل ،دفترخارجہ نے اعلامیہ جاری کردیا

دفترخارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورے کابل کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورےمیں افغانستان کے صدر اشرف غنی ،چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ نے افغان قیادت کو وزیراعظم عمران خان کاخیر سگالی کا پیغام پہنچایا ،ملاقاتوں میں جوائنٹ اکنامک کمیٹی اور پاک افغان ایکشن پلان پر کام جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں ملکوں نے جلال آباد کے قونصل خانے کی سیکیورٹی کے معاملہ جلد حل کرنے اور اسے دوبارہ آپریشنل کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر خارجہ نےاپنے دورے کے دوران افغانستان میں امن کےلئے کوششوں کی حمایت کی اور کہا کہ ہم امن کےلئے افغان قیادت کی سیاسی عمل میں بھرپور حمایت اور ہر نوعیت کا کردارادا کرنے کو تیار ہیں ۔

دفتر خارجہ کے اعلامیےمیں وزیر خارجہ نے افغان پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ دینے کی پیشکش کی اور دونوں ملکوں کے درمیان معاملات کے بہتر حل کے لئے رابطے جاری رکھنے پر زور بھی دیا گیا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان نے افغانستان سے امپورٹ پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی اور وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 40 ہزار ٹن گندم کے تحفے کا خط افغان صدر کے حوالے کیا۔

اس کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورے کے دوران افغان مہاجرین کی با عزت واپسی کا معاملہ بھی افغان قیادت کے سامنے اٹھایا۔

تازہ ترین