• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کو حکومت دیکر پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا گیا،نور اعوان

مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت گرانا آسان ہے لیکن چلانا مشکل، ہمارے مینڈیٹ کو چھین کر تحریک انصاف کو حکومت کی باگ ڈور دیکر پاکستان کو مشکل میں ڈالا گیا ہے ۔

یہ بات ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے پاکستان سے جاپان کے دورے پر آئی ہوئی معروف سیاسی و شماجی شخصیات ملک یوسف اور چوہدری شاہد کے اعزاز میں ن لیگ جاپان کے نائب صدر ملک ریاض جیلانی کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اس وقت محترمہ کلثوم نواز کی وفات کے باعث سوگ میں ہے اس وقت پورا پاکستان محترمہ کلثوم نواز کے غم میں مبتلا ہے حکومت کی کارکردگی دیکھنے کے لیے اب زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

سینئر نائب صدر ن لیگ جاپان ملک یونس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت بحران کی کیفیت میں ہے حکومت کو پتا ہونا چاہے کہ چودہ ارب ڈالر کے ڈیم چندے سے نہیں بنا کرتے تاہم ڈیم پاکستان کے لیے ضروری ہیں اور ہم ڈیم بنانے کی حمایت کرتے ہیں لیکن عوام کی چندے کی رقم کا پائی پائی کا حساب لیں گے ،ملک یونس نے کہا کہ مسلم لیگ ن پہلے بھی پاکستان کی نمبر ون سیاسی جماعت تھی اور آج بھی ہے، الیکشن میں کیا ہوا جلد قوم کو پتہ چل جائے گا۔

اس موقع پرتقریب کے میزبان اور ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک ریاض جیلانی نے پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں ملک یوسف اور چوہدری شاہد کو جاپان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وقت کی کمی کی بدولت وہ تقریبات منعقد نہ ہوسکیں جو ہم کرنا چاہتے تھے تاہم آپ کو جاپان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

کشمیر یکجہتی فورم کے صدر شاہد مجید نے پاکستان سے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ن لیگ کی حکومت ہو یا پیپلز پارٹی کی کشمیر کے مسئلے کو بہتر طریقے سے دنیا بھر میں اجاگر کیا گیا یہی امید ہمیں نئی حکومت سے ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل بھی ہونا چاہیے اور عالمی فورم پر اٹھنا بھی چاہئے اور اس مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ،تقریب کے آخر میں سینئر پاکستانی اصغر حسین نے محترمہ کلثوم نواز کے ایصال ثواب اور پاکستان کی سربلندی کے لیے دعا کرائی ۔

تازہ ترین