• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ :پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8وکٹ سے ہرا دیا

ایشیا کپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8وکٹ سے ہرا کر ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی ۔ میچ میں بہترین بولنگ پرفارمنس دیکر ایک اوور میں 3 شکار کرنے والے عثمان خان شنواری مین آف دی میچ قرار پائے گئے۔

عثمان شنواری نے یہ تینوں وکٹیں 31ویں اوور میں حاصل کیں جب انہوں نے ہانک کانگ کے اعزاز خان کو اوور کی دوسری پھر اسکاٹ مکینی کو اوور کی پانچویں اور آخری چھٹی گیند پر تنویر افضل کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے اور گروپ اے کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے حریف ہانگ کانگ ٹیم کی جانب سے دیےگئے 117رنز کا آسان ہدف 23اشاریہ 4 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق50،بابر اعظم 33 اور فخر زمان 24رنز بنا کر نمایاں رہے تاہم ہانگ کانگ بولرز کی جانب سے احسن خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں بابر اعظم نے کیریئر کے 45ویں میچ میں کارنامہ سرانجام دے دیا ،وہ تیز ترین 2000ہزار ررنز اسکور کرنے والے پاکستان کے دوسرے بیٹسمین بن گئے جبکہ ان سے پہلے 45اننگز میں 2ہزار رنز بنانے کا اعزازصرف پاکستانی کرکٹ لیجنڈ ظہیر عباس کے پاس تھا۔

اس سے قبل دبئی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے میچ دوسرے میں کمزور ہانگ کانگ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بلکل ان کے حق میں نہیں گیا ۔

گرین شرٹس کے بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنےہانگ کانگ کے بیٹسمینوں کی ایک نہ چلی اور پوری ٹیم صرف 116رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

ہانگ کانگ کی جانب سے اعزاز خان 27 اور کنشت شاہ 26رنز کے ساتھ نمایاں رہے، قومی بولرز کی جانب سے عثمان خان کے3 وکٹ،حسن علی اور شاداب خان کے 2,2اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ حریف ٹیم کے 2 بیٹسمین رن آئوٹ بھی ہوئے۔

واضح رہے پاکستان کا اگلا میچ روایتی حریف بھارت سے 19 ستمبر کو جبکہ اس سے پہلے بھارت ایونٹ میں اپنے پہلا میچ ہانگ کانگ سے 18ستمبر کو کھیلے گی جبکہ کل افغانستان اور سری لنکا مدمقابل ہوں گے۔

تازہ ترین