• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدین کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے جامعات کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں ڈاکٹر آف ڈائی ٹیٹکس اینڈ نیو ٹریشن سائنسز، ڈاکٹر آف آپٹومیٹری، ڈاکٹر آف میڈیکل لیبارٹری سائنسز کے نام سے انڈرگریجویٹ پروگراموں کے لئے ’’ڈاکٹر‘‘ کے ٹائٹل کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ متذکرہ پروگرام ایچ ای سی کے مطابق ڈاکٹریٹ ڈگریوں کا درجہ نہیں رکھتے لہٰذا جامعات نیشنل کری کولم ری ویو کمیٹیوں سے منظوری لئے بغیر انڈر گریجویٹ پروگراموں میں ’’ڈاکٹر‘‘ کا ٹائٹل استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ ایچ ای سی ڈاکٹر آف ڈائی ٹیٹکس اینڈ نیو ٹریشن سائنسز، ڈاکٹر آف آپٹومیٹری، ڈاکٹر آف میڈیکل لیبارٹری سائنسز کو تسلیم نہیں کرتا۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایچ ای سی نے صرف ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے پانچ سالہ نصاب اور نومن کلیچر پروگرام کے لئے ڈاکٹر کا ٹائٹل استعمال کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ اس پروگرام میں ایچ ای سی سے منظور شدہ یونیورسٹیاں ہی داخلہ دے سکتی ہیں۔ ملک کے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے اس اقدام سے متعلقہ طلبہ اور ان کے والدین کیلئے جو مشکلات پیدا ہوں گی وہ محتاج وضاحت نہیں۔ پھر یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا ہے جب بعض مقامات پر متذکرہ پروگرام شروع کئے جا چکے ہیں۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان تمام شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے اور اس سے متعلق امور کی نگرانی کرنے والا بااختیار ادارہ ہے۔ مذکورہ فیصلہ بھی اس نے عالمی اداروں کے معیار کے تناظر میں کیا ہو گا۔ گلوبلائزیشن نے دنیا بھر کی جامعات کو ایک سطح پر رکھنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے مربوط کر دیا ہے جس کے باعث ایچ ای سی کو اسناد کی تصدیق سمیت تمام امور پر گہری نظر رکھنا ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ فیصلے مناسب وقت پر طالب علموں اور والدین کے مسائل کو ملحوظ رکھتے ہوئے کیے جائیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین