• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 نوجوانوں کی شہادت، لاش گھسیٹنے پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال

مقبوضہ کشمیر میں 6نوجوانوں کی شہادت ، شہید کشمیری کی لاش زنجیر سے باندھ کر گھسیٹنے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔

نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف ہڑتال کی اپیل حریت کانفرنس نے دی ہے جس کے دوران مقبوضہ وادی میں مارکیٹیں، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

گزشتہ روز متحدہ حریت قیادت کی اپیل پر مختلف علاقوں میں شہید نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، محمد یاسین ملک کی قیادت میں بڑی تعداد میں لوگوں نے لال چوک سرینگر میں غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی۔

حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق کہتے ہیں کہ کشمیری عوام پر ظلم و جبر کا یہ سلسلہ عالمی برادری کیلئے چشم کشا حقائق ہیں، بھارتی ظلم کے خلاف آج مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال ہوگی۔

سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی زندگیوں کو لاحق خطرے کا نوٹس لیں۔

متحدہ قیادت نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں کولگام میں شہید ہونے والے 6نوجوانوں اور زخمیوں کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔

مقبوضہ کشمیر کی ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے سرینگر میں منعقدہ ایک اجلاس میں معروف وکیل اور انسانی حقوق کے کارکن ایڈوکیٹ پیر حسام الدین کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پیر حسام الدین کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے زبردست حامی تھے، انہیں بھارتی فوج کے حمایت یافتہ بندوق برداروں نے 15ستمبر 2004ءکو سرینگر کے علاقے بمنہ میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر شہید کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین