• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیّد قمر حیدر قمرؔ

ہر عہد میں حسینؓ کا رتبہ عظیم ہے

وہ ماورائے بحث ِجدید و قدیم ہے!

وہ ہے سلام و حمد کا سرنامۂ جَلی

اسلام کا الف ہے، محمّد ؐ کا میم ہے!

اُس دَر سے لے کے کتنے جواہر اُٹھاہوں میں

دِل ہے، جگر ہے، عشق ہے عزمِ صمیم ہے!

یہ کربلا نہیں ہے، جہاں تشنہ لب تھے سب

کوثر ہے یہ، یہاں مِرا مولاؓقسیم ہے

ہر وصف کے بیان کو اِک عُمر چاہیے!

تیری فضیلتوں کا صحیفہ ضخیم ہے!

پانی سے گفتگو ہو، شجر داستان کہے

ہو سامنے امامؓتو پتھر کلیم ہے!

ماحول بن گیا ہے، گلستان و بوستاں

مجھ کو ترا خیال نسیم و شمیم ہے!

وہ باپ کیا ہے، جس کا جواں لعل قتل ہو؟

’’مَر جائے جس کا باپ، وہ بچہ یتیم ہے‘‘

تاریخ اگر ہے آئینۂ ذات و کائنات

اس آئینے میں اُس کا مقابل عدیم ہے!

یہ نوحہ و سلام کے اشعار ہیں گواہ!

میرے قلم پہ سایۂ ربِ کریم ہے!

چھوڑا حسینؓ کو تو بھٹک جائو گے قمر

اس راہ پر چلو یہ رہ ِمستقیم ہے!

تازہ ترین