• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب سے کرپشن معاملے پربھی معاہدہ کریں گے

وزیر اطلاعات اور نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن کے معاملے پر سعودی عرب کے ساتھ بھی معاہدہ کیا جائے گا۔ سعودی عرب کی تحویل میں مجرمان سے متعلق معاہدے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کرپشن کے پیسے کے خلاف پورے یورپ میں قانون سازی ہوئی ، ہم بھی سعودی عرب کے ساتھ کرپشن کے معاملے پر معاہدہ کریں گےاور قانون کا ہاتھ ملزمان کی گردنوں تک ضرور پہنچے گا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سوئس حکومت کے ساتھ معاہدے پر بھی تیزی سے پیش رفت جاری ہےجس میں گزشتہ حکومت نے جان بوجھ کر تاخیر کی جبکہ سوئس بینکوں کے ساتھ معاہدہ آئندہ چند دنوں میں ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کے دورۂ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قانون اور احتساب سے متعلق ایک معاہدہ کیا گیا ہے جس کا مقصد مختلف جرائم کے خاتمے کے لیے معاونت کرنا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد اکبر نے کہا کہ معاہدے کا مقصد لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ہے جبکہ ملزمان کے تبادلے کے معاہدے کی تجدید بھی کریں گے۔

تازہ ترین