• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار پاکستانی کا نام سامنے آگیا

برطانیہ کی نیشنل کرائمز ایجنسی کے ہاتھوں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار پاکستان کا نام سامنے آگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس کیس میں فرحان جونیجو کا نام سامنے آرہا ہے تاہم پاکستان یا برطانیہ کے سرکاری ذرائع اس کی تصدیق یا تردید نہیں کر رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان گرفتار شدگان کا تعلق ٹڈاپ کے اُس اسکینڈل سے ہو سکتا ہے جو 2013ء سے پہلے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں منظر عام پر آیا، 50 کروڑ روپے کے اس اسکینڈل میں یہ الزام سامنے آیا تھا کہ رقم بیرون ملک منتقل کر دی گئی ہے، منی لانڈرنگ کی رقم سے سرے میں تین جائیدادیں خریدی گئیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر کہتے ہیں گرفتار ملزم پاکستان میں سرکاری ملازم تھا، فرار ہو کر برطانیہ گیا، ایف آئی اے کیس کی بنیاد پر دونوں افراد کو گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ این سی اے کے انٹرنیشنل کرپشن یونٹ کے افسران کے مطابق پاکستان کی سیاسی نوعیت کی زیر حراست شخصیت کی عمر 40 سال سے زیادہ جب کہ اُن کی اہلیہ کی عمر 30 سال سے زیادہ ہے، دونوں کو برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

این سی اے کے مطابق اس تفتیش کو پاکستان کے قومی احتساب بیورو اور ایف آئی اے کی مدد حاصل ہے، اس جوڑے کو سرے میں گرفتار کیا گیا، یہ دونوں برطانیہ میں 80 لاکھ پاونڈ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دونوں بظاہر اپنی آمدنی کا کوئی قانونی ذریعہ نہیں رکھتے، دونوں میاں بیوی سے این سی اے افسران نے تفتیش کی اور دونوں کو پوچھ  گچھ کے بعد رہا کردیا گیا۔

تازہ ترین