• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کو خوبصورت بنانے کیلئے تمام امور خواتین کے حوالے کردیے جائیں، نوازالدین

کراچی ( نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا کے تمام امور خواتین کے حوالے کر دیے جائیں۔ نوازالدین صدیقی کا خیال ہے کہ دنیا میں آج جتنا بھی فساد اور دہشت برپا ہے اس کے پیچھے مرد حضرات کی طاقت اور اختیارات کا ہاتھ ہے ۔ اپنے ذاتی گھر میں اہلیہ کو مکمل اختیارات دینے والے نوازالدین صدیقی چاہتے ہیں کہ دنیا کو خوبصورت بنانے کیلئے تمام معاملات اور امور خواتین کے حوالے کر دیے جائیں ۔ نوازالدین صدیقی نے خصوصی انٹرویو میں اعتراف کیا کہ گزشتہ چند برس سے مسلسل خواتین فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے سے ان کا نظریہ ہی تبدیل ہوچکا ہے ۔ اداکار نے اعتراف کیا کہ خواتین فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے کے بعد اب وہ اپنی فلموں، کرداروں اور خیالات کو دوسرے نظریے سے دیکھتے ہیں ۔’منٹو ، روم روم میں اور موتی چور چکنا چور‘ جیسی فلموں میں خواتین فلم ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کرنے کے بعد تبدیل ہوجانے والے اداکار اب چاہتے ہیں کہ دنیا کو بدلنے اور اسے رہائش کیلئے خوبصورت مقام بنانے کیلئے تمام اختیارات، معاملات اور امور خواتین کے حوالے کیے جائیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک کے بعد ایک خاتون فلم ساز کے ساتھ منفرد فلموں میں کام کرنے کے بعد ان کا نظریہ تبدیل ہوچکا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ دنیا کے تمام امور خواتین کے حوالے کیے جائیں۔۔انٹرویو کے دوران اداکار نے انکشاف کیا کہ سب سے پہلے 2013 میں فلم ساز نندیتا داس نے انہیں کانز فلم فیسٹیول کے دوران بتایا تھا کہ وہ برصغیر کے مقبول افسانہ نگار سعادت حسن منٹو پر فلم بنانا چاہتی ہیں، جس میں وہ انہیں کاسٹ کریں گی۔اداکار کے مطابق تحقیق کرنے کے بعد نندیتا داس نے فلم میں کام کیلئے ان سے رابطہ کیا اور اب ’منٹو‘ سب کے سامنے ہے ۔ اداکار کے مطابق وہ اس وقت ایک اور خاتون فلم ساز تنشتھا چترجی کی فلم ’روم روم میں‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اٹلی سمیت دیگر ملکوں کی اداکارائیں کام کرتی نظر آئیں گی۔علاوہ ازیں نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ وہ جلد ہی ایک اور خاتون فلم ساز دیبامترا حسن کی رومانٹک کامیڈی فلم ’موتی چور چکنا چور‘ میں بھی نظر آئیں گے۔

تازہ ترین