• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ لیزا رے کے ہاں جڑواں بچیوں کی پیدائش

کراچی ( نیوز ڈیسک) کینیڈین نژاد بولی ووڈ اداکارہ اور ماڈل 46 برس کی لیزا رے کے ہاں جڑواں بچیوں کی پیدائش ہوئی ہے ۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لیزا رے نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے ہاں جڑواں بچیوں سے متعلق پوسٹ جا ری کیں ہیں ، ساتھ ہی انہوں نے بچیوں کی تصاویر بھی شیئر کیں ہیں ۔اداکارہ نے اپنے ہاں جڑواں بچیوں کی پیدائش کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی بچیوں کا نام ’صوفی‘ اور ’سولی‘ رکھا ہے ۔ ان کا اپنی پوسٹ میں لکھنا ہے کہ بچیوں کی پیدائش سروگیسی کے ذریعے ہوئی ہے ۔ اداکارہ نے جڑواں بچیوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگرچہ وہ ابھی ماں نہیں بننا چاہتی تھیں ، تاہم ان کے شوہر بچے چاہتے تھے، جس وجہ سے انہوں نے سروگیسی کے ذریعے بچوں کی پیدائش کی ۔ لیزا رے نے 1994 میں استاد نصرت فتح علی خان کے معروف گانے ’آفریں آفریں‘ میں ماڈلنگ کرکے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔ لیزا رے نے 2 درجن سے زائد ہندی ، تامل اور تیلگو فلموں میں کام کیا ہے ، جب کہ ساتھ ہی وہ متعدد بھارتی ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں ۔ لیزا رے نہ صرف بھارت بلکہ کینیڈا کی بھی چند فلموں اور ڈراموں میں کام کر چکی ہیں ، تاہم انہیں شہرت پاکستانی گانے ’آفریں آفریں‘سے ملی ۔ لیزا رے کو 2009 میں خون کے سفید خلیات میں کینسر لاحق ہوگیا تھا ، تاہم علاج کے بعد انہوں نے 2010 میں اعلان کیا کہ اب وہ کینسر فری ہیں ۔ انہیں ادھیڑ عمر کے باوجود اپنی صحت، فٹنیس اور خوبصورتی کی وجہ سے بھی جانا جاتا ہے ، ان کی آخری بولی وڈ فلم ’دوبارہ‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی۔
تازہ ترین