• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرمعیاری سولر پلیٹس،متعدد سولر ایئزیشن اسکیموں کی موٹرجل گئی، سیکریٹری پبلک ہیلتھ

سکھر (بیورو رپورٹ) سیکریٹری پبلک ہیلتھ سندھ جمال مصطفی سید نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 4اضلاع شکارپور، خیرپور، جیکب آباد اور دادو میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کی جائیگی اور ہر اسکیم پر 6.2 ملین خرچ ہونگے۔ سولرائیزیشن کی اسکیموں میں 50کروڑ روپے خرچ کیے گئے لیکن غیرمعیاری سولر پلیٹس کی وجہ سے متعدد اسکیموں کی موٹر جل گئی جس کی انکوائری کے لیے ماہر انجینئرز پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جوکہ شرائط و ضوابط (ٹی آر اوز) دیکھ کر چیف سیکریٹری سندھ کو کارروائی کے لیے رپورٹ فراہم کرے گی۔ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور ہر اسکیم پہلے مکمل کی جائے بعد میں سولر سسٹم لگایا جائے۔ جبکہ نئی اور پرانی اسکیموں کے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشش کی جائے۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس روم میں سکھر ریجن کے 10اضلاع گھوٹکی، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، خیرپور، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور کندھوکٹ اور قمبر شہدادکوٹ میں بحالی والے کاموں، اے ڈی پی اسکیموں اور سندھ واٹر کمیشن کی ہدایات پر عملدرآمد کے سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں متعلقہ اضلاع کے ایگزیکٹیو انجینئرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ سیکریٹری پبلک ہیلتھ جمال مصطفی سید نے انجینئرنگ ڈزائنگ کتاب کا نام نہ بتانے پر متعلقہ انجینئرز پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو بہتر بنانے کے لیے تمام انجینئرز کو ماہرین سے ریفریشل کورس کروائے جائیں گے۔ انہوں نے تمام ایگزیکیوٹر انجینئرز کو ہدایت کی کہ 26 ستمبر تک تمام ترقیاتی اسکیموں کے ورک آرڈر جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی اسکیمیں بجلی کے کنکشن کی وجہ سے رکی ہوئی ہیں تو متعلقہ انجینئرز سیپکو انتظامیہ سے اجلاس منعقد کرکے ایک ہفتے میں مسائل کو حل کریں بصورت دیگر واٹر کمیشن سے رجوع کیا جائے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ کی تمام اسکیموں پر 2 افراد مقرر کرنے کی اجازت بھی دی اور کہا کہ بحالی کی اسکیموں کو ضلعی سطح پر بنایا جائے جس اسکیم کا کام رہ جائے تو وہ اسے دوسرے مرحلے میں شامل کیا جائے۔ غیر معیاری کام کرنے والے کنٹریکٹرز کو قائد و ضوابط کے مطابق کام کرنے کے لیے فائنل نوٹس دیے جائیں۔

تازہ ترین