• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواب شاہ، تھیلیسیماسینٹرمیں یومیہ70بچوں کو خون فراہم کیا جاتاہے

نواب شاہ (بيورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابرار احمد جعفر نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ دیکر قیمتی انسانی زندگی بچائی جاسکتی ہے اور خون کا عطیہ دینا جان کا صدقہ ہے ۔یہ بات انہوں نے تھیلیسیماسینٹرو بلڈبنک نوابشاہ کے دورے کے دوران کہی۔انہوں نے خون کا عطیہ دینے والوں سے اپیل کی ہے کے تھیلیسیما میں مبتلا بچوں کی زندگی بچانے کے لئے صحت مند خون کا عطیہ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی خون کا کوئی بھی نعم البدل نہیں ہے اور ایک انسان ہی دوسرے انسان کی مددکرسکتا ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے تھیلیسیمیا سینٹر کے مینیجر ڈاکٹر غلام نبی چنا نے بتایا کہ سینٹر میں ضلع شہیدبینظیر آباد کے علاوہ نوشہروفیروز سانگھڑ کے اضلاع کے 1700 بچے رجسٹرڈ ہیں جن میں سے روزانہ 70 سے 100 بچوں کو خون لگایا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تھیلیسیمیا میجر خون کی خطرناک بیماری ہے اس میں ہرماہ خون کی تبدیلی اور دوسری ادویات کی ضرورت ہوتی ہے اگر ان مریضوں کو بروقت خون فراہم نہ کیا جائے یا ان کا علاج نہ کیا جائے تو ایک سے آٹھ سال عمر تک وفات پاجاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تھیلیسیمیا خون کا ایک مہلک مرض ہے اس سے بچاؤ کیلئے عام افراد میں شعور اور آگاہی پیدا کر نا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ اپنی آئندہ نسل کو تھیلیسیما سے بچانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ شادی سے پہلے مرد اور عورت دونوں تھیلیسیما کا ٹیسٹ کروائیں اور تھیلیسیما کے اثرات ظاہر ہونے کی صورت میں شادی سے گریز کریں صورت حال سے آگاہی اور تیار ہونا لاعلمی سے بہتر ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کو مفت ٹیسٹوں ، ادویات ، خوراک کے علاوہ دیگر سہولیات مفت دی جارہی ہیں ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں معلومات لیں اور سنٹر انتظامیاں کو یقین دہانی کرائی کہ ضلع انتظامیاں کی جانب سے مالی ودیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر نے بینظیرگرلز پبلک اسکول نواب شاہ کا بھی دورہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ وداخل طالبات کی حاضری چیک کی اور طالبات کو میسر تعلیمی سہولیات کی معلومات لی ۔

تازہ ترین