• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت ساحل پر یوم صفائی منایا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )وفاقی اردو یونیورسٹی شعبہ ارضیات کے تحت عالمی یوم ِ صفائی کے حوالے سے شعبہ ارضیات کے طلباء اور اساتذہ دیگر این جی اوز کے ہمراہ سی ویو کے ساحل پر صفائی کیلئے جمع ہوئے۔ یہ دن بنیادی طور پر ساحلوں کو صاف اور محفوظ بنانے کے لئے 150ممالک میں منایا جاتا ہے۔ اس سرگرمی کا اہتمام گرین میڈیا انیشیٹوکی روح رواں شبینہ فراز نے کیا تھا ۔اس سرگرمی کے مہمان خصوصی کالم نگار نصرت مرزا تھے جبکہ دیگر نمایاں شخصیات میں وفاقی جامعہ اردو شعبہ ارضیات کی چیئرپرسن پروفیسر سیما ناز صدیقی، پروفیسر آفتاب عالم، ڈاکٹر رفیق الحق، پروفیسرمحمد شمائل، پروفیسر عمّاد احمد، پروفیسر روبینہ ضیاء اور محترمہ شہنازشامل تھے۔ شرکا ء نے مشترکہ طور پر نئی نسل کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی طرف راغب کیا۔ ماحول کی آلودگی نے ہمارے ساحلوں کو خراب کردیا ہے خصوصاً پلاسٹک کی تھیلیوں سمیت دیگر کچرے سے ساحلوںکو صاف کیا جائے۔ اس حوالے سے "Beach Ethics" کو عوام میں متعارف کروایا جائے۔ ساحلوں اور سمندروں کے ایکو سسٹم کو متوازن رکھنے کے فوری اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ بعد ازاں تمام شرکاء جن میں سول سوسائٹی کی کثیر تعداد بھی شامل تھی نے طلباء و طالبات کے ہمراہ ساحل کی صفائی میں حصہ لیااوراس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے ہر دم کوشاں رہیں گے۔ہاشو فائونڈیشن کی جانب سے شرکا کوکیپ اور ٹی شرٹ تقسیم کی گئی۔
تازہ ترین