• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنمنٹ اورینٹل عربک ٹیچرز کے پروموشن کا مسلہ حل کیا جائے،ایسوسی ایشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ اورینٹل عربک ٹیچرز ایسوسی ایشن کراچی کا اجلاس علامہ حاجی محمد اسمٰعیل حنفی سینئر نائب صدر کی زیرقیادت منعقد ہوا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کراچی اساتذہ کے پروموشن کی ڈی پی سی جو طویل عرصے سے زیرا لتوا ہے اور ہر دفعہ کسی نہ کسی بہانے ملتوی ہوجاتی ہے وہ فی الفور منعقد کی جائے تاکہ کراچی کے اساتذہ کی جو حق تلفی طویل عرصے سے ہورہی ہے اس کا ازالہ ہوسکے، اجلاس میں کہا گیا کہ ناظم تعلیمات کراچی حامد کریم اساتذہ کے مسائل کا مکمل ادراک رکھتے ہیں اور ان کے حل کرنے کی دسترس رکھتے ہیں اور تمام امور مکمل میرٹ پر سرانجام دے رہے ہیں تاہم تعلیم دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے ناظم تعلیمات کو بلیک میل کررہے ہیں اور ان کے خلاف پروپیگنڈہ کررہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، اجلاس حامد کریم کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی اور کہا گیا کہ یہ اجلاس وزیر تعلیم سردار علی شاہ کی اس تجویز کی بھرپور حمایت کرتا ہے جس میں حکومتی ارباب اور افسران کے بچوں کیلئے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنا لازمی قرار دی جارہی ہے اس عمل سے سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند ہوگا اور انکے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔ اجلاس میں علامہ غلام حسن لغاری، علامہ محمد قاسم کھوسو، مفتی آصف اقبال، مفتی اسحٰق ارشد، علامہ الیاس زاہدی، قاری رحیم بخش، علامہ عبدالحمید عثمانی، حافظ در محمد بلوچ، قاری غلام یاسین، ڈاکٹر سعید احمد صدیقی، علامہ راشد قادری اور دیگر نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے آخر میں عربی ٹیچر مرحوم زبیر بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے مغفرت کی دعا کی گئی اور آخر میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور وادی مہران کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
تازہ ترین