• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمبر الیکشن میں تبدیلی مسترد، تسلسل کو ووٹ ملے، سراج قاسم تیلی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے کہاکہ الیکشن میں تاجروصنعتکاروں کی بڑی تعداد نے کے سی سی آئی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے تسلسل کو ووٹ دیا ۔بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) کے تمام امیدواروں نے کے سی سی آئی کے انتخابات برائے 2018-19 میں پیٹریاٹ بزنس مین گروپ کے تمام مخالفین کو شکست سے دوچار کیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ الیکشن کے نتائج کے مطابق کے سی سی آئی کے انتخابات میں 5245 بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے جس میں سے 5010 بیلیٹ پیپرز درست قرار دیے گئے۔ بی ایم جی کے تمام 15امیدواروں کی جانب سے حاصل کیے گئے ووٹوں کی تعداد 3246 سے 3404 ووٹوں کے درمیان رہی جبکہ سب سے زیادہ 3404 ووٹ بی ایم جی کے محمد حنیف نے حاصل کئے اورپیٹریاٹ گروپ کے سربراہ امجد چامڈیا صرف 1760 حاصل کر پائے۔ انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس سال الیکشن میں ریکارڈ ووٹ ڈالے گئے اور تاجروصنعتکار بڑی تعداد میں بی ایم جی کی حمایت میں آگے آئے۔انہوں نے کہاکہ یہ شکست مخالف نوجوانوں کی نہیں بلکہ مقصود اسماعیل،عقیل کریم ڈھیڈھی ،ایس ایم منیر، یحییٰ پولانی اور رحیم جانو کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ15ستمبر بلا شبہ ایک تاریخی دن ہے کیونکہ پوری دنیا اسے بین الاقوامی جمہوریت کے دن کے طور پر منارہی ہے اور کراچی چیمبر میں بھی آج ہی کے روز جمہوریت کی جیت ہوئی ۔یہ ایک تاریخی دن ہے جب ہزاروں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر کے سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم انتخابات کے مخالف نہیں بلکہ یہ خوش آئند ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ مخالفین اور ان کے حمایتی ذاتیات پر اتر آئیں اور بے بنیاد،جھوٹے الزامات لگائیں ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ عناصر نے ڈی جی ٹی او کے پاس 15سے زائد شکایات درج کروائیں اور دو سرکاری افسروں کی زیر نگرانی کے سی سی آئی کے انتخابات کرانے کی کوشش کی جو پاکستان اور کراچی چیمبر کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا لہٰذااس مانیٹرنگ ٹیم کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا کیونکہ یہ اقدام مکمل طور پر غیر قانونی تھا۔ ہم نے ہائیکورٹ سے درخواست کی کہ تمام شکوک و شبہات دور کرنے کے لیے کسی سینئر جج یا عدالت کے نمائندے کو نامزد کیا جائے۔ انھوں نے معزز ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے کورٹ کے ناظر کو تعینات کرنے کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے بی ایم جی کی 20سالہ عوامی خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ کا فیصلہ بی ایم جی کے حق میں کرنے پر پوری تاجروصنعتکار برادری کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بی ایم جی اور سراج قاسم تیلی کو فتح سے ہمکنار کرنے کے لیے انتخابی مہم کے دوارن انتھک جدوجہد پر تمام بی ایم جی اینز کو بھی خراج تحسین پیش کیا اوربزنس مین پینل کے میاں انجم نثار، میاں زاہد حسین، ذکریا عثمان،ناصر حیات مگوں ، شوکت احمد ودیگرسمیت تمام چھوٹی بڑی تجارتی مارکیٹوں،تاجروصنعتکار برادری کی بھرپور حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ ان سب کی حمایت اورکوششوں کے نتیجے میں بی ایم جی کو تاریخی فتح حاصل ہوئی۔ کے سی سی آئی کے انتخابات برائے 2018-19 میں سب سے زیادہ ووٹ محمد حنیف 3404ووٹ، حفیظ عزیز3396، شاہد اسماعیل3386، وسیم الرحمان 3378، شمون ذکی 3378، فیصل نعیم 3371، جنید اسماعیل ماکڈا 3370، شکیل الرحمان 3366، آصف یونس سم سم 3364،حسن شیخ وہرہ3361، محمد ہارون قیصر 3349، سہیل احمد3342، شعیب سلطان 3307، ہمایوں محمد3296 اور محمد عمار شیخ نے 3246ووٹ حاصل کیے۔

تازہ ترین