• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان نے تہلکہ مچادیا، 5 مرتبہ کے چیمپئن سری لنکا کو شکست، ایشیا کپ سے آئوٹ

ابوظہبی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی) افغانستان کی ٹیم عالمی کرکٹ میں بڑی ٹیموں کے لئے خطرہ بن کر سامنے آرہی ہے۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان نے پانچ مرتبہ کی سابق چیمپین سری لنکا کو حیران کن طور پر91 رنز سے ہرا کر تہلکہ مچادیا۔ آئی لینڈز ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ بڑی ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ افغانستان نے پہلی بار سری لنکا کے خلاف ون ڈے انٹر نیشنل میچ جیتا ہے۔ جبکہ گروپ بی سے افغانستان اور بنگلہ دیش نے سپر فور مرحلے کے لئے کوالی فائی کر لیا۔ سلو وکٹ پر سری لنکا کی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی۔ پیر کو شیخ زائد اسٹیڈیم میں افغانستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے249 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم مایوس کن انداز میں41.2اوورز میں158رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ افغانستان کے بولروں میں لیگ اسپنر راشد خان نے26اور فاسٹ بولر گلبدین نائب نے29رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ سری لنکا کی ٹیم کو250رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری ہی گیند پر مینڈس کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب مجیب الرحمن نے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا۔ ڈی سلوا غلط فہمی کی وجہ سے رن آوٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے23رنز بنائے۔ اوپل تھرنگا36رنز کی اننگز کھیل کر گلبدین نائب کا شکار بنے۔ راشد خان کا جادو چل گیا اور انہوں نے کوشال پریرا کو بولڈ کرکے سنسنی پھیلا دی۔ بیٹسمین گھبراھٹ کی وجہ سے غلطیاں کررہے تھے۔ جے سوریا14رنز بناکر رن آوٹ ہوئے۔28 ویں اوور میں108رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔کپتان اینجلو میتھیوز22رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر کیچ ہوئے۔ محمد نبی نے30رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ توشارا پریرا نے 28رنز بنائے۔ قبل ازیں پیر کو شیخ زائد اسٹیڈیم میں سخت گرم موسم میں سری لنکا کے بولروں نے جارح مزاج افغان بیٹسمینوں کو بڑا اسکور بنانے نہیں دیا ۔ سری لنکا کے بولروں نے اچھی بولنگ کی لیکن افغان ٹیم نے فائٹنگ ٹوٹل بناکر اپنے کوچ فل سمنز اور کپتان کو مایوس نہیں کیا۔ سری لنکا کے بیٹسمین اسپن بولنگ پر بے بس ہوگئے۔ ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد شہزاد اور احسان اللہ نے ٹیم کو12اوورز میں 57 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، شہزاد 34 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد احسان اللہ نے رحمت شاہ کے ساتھ ملکر 50 رنز کی شراکت قائم کی، احسان 45 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ انہوں نے65گیندوں کا سامنا کیا اور چھ چوکے مارے۔ نئے آنے والے بیٹسمین اصغر افغان صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔ 110 رنز پر تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ تاہم رحمت نے حشمت اللہ کے ساتھ ملکر اسکورڈ بورڈ آگے بڑھایا اور وہ 72 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 90گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکے مارے۔ حشمت اللہ 37 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ تجربہ کار محمد نبی کی اننگز صرف 15 رنز تک محدود رہی ۔ تھسارا پریرا نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ اکیلا داننجایا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین