• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم گرم، چیلنجز زیادہ،ایشیا کپ کے آغاز پر نروس ہوں،روہت شرما

ابوظہبی (نمائندہ خصوصی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ بلاشبہ دبئی کا موسم گرم ہے اور میچوں کے دوران کنڈیشز بھی مشکل ہیں لیکن ہم اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کو برابر سمجھ رہے ہیں۔ ہم یہاں بہتر کارکردگی دکھاکر اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو منوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں چند نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں، کپتانی پہلے بھی کر چکا ہوں لیکن اس وقت ٹورنامنٹ کے آغاز پر نروس ہوں۔ کیوں کہ چیلنجز بہت ہیں۔ وہ پیر کو ہانگ کانگ کے میچ سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس سے خظاب کررہے تھے۔ پاکستانی ٹیم اس گروپ سے پہلے ہی میچ جیت چکی ہے اگر بھارت نے کامیابی حاصل کر لی تو دونوں ٹیمیں سپر فور میں کوالی فائی کرلیں گی۔ ہانگ کانگ کے انشومن راتھ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے ہمیں آئوٹ کلاس کردیا لیکن اس میچ میں ایک دو اچھی کارکردگی تھیں۔ کوشش کریں گے کہ بھارت کے خلاف مزید بہتر کھیل پیش کریں۔ روہت شرما نے کہا کہ ورلڈ کپ سرپر ہے اس لئے ہمیں اپنی ٹیم کے کمبی نیشن پر توجہ دینا ہوگی اور انفرادی طور پر بھی اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی۔ ہمارے لئے سب ٹیمیں برابر ہیں ہمیں اپنی ٹیم کی فکر ہے حریف ٹیم کو ہرانا مشن ہے۔ ہم ٹیم کی حیثیت سے اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں کنڈیشن کی نہیں میچوں کے نتائج کی فکر ہے۔ اب گیم ٹائم شروع ہوچکا ہے اور اسی پر فوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ایشیا کپ میں زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ ہم ایک دم سے فائنل کی نہیں ایک ایک میچ کی فکرکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امباتی رائیڈو اور کیدار جادھیو بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ دونوں کا ٹیم میں آنا بہت اچھا ہے۔ رائیڈو آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ ہمارے کھلاڑی ایشیا کپ کے لئے تیار ہیں۔ پچ اتنی بری نہیں ہے ان پچوں پر اپنے آپ کو ایڈجسٹکرنا پڑتا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ غلطی کرنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوسکتی ہے اس لئے ہانگ کانگ کو کمزور حریف تصور نہیں کر رہے۔

تازہ ترین