• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینکنگ اسنوکر، بابر پانچ گھنٹے کی جنگ جیت کرچیمپئن بن گئے

کراچی (شکیل یامین کانگا \اسٹاف رپورٹر)نمبر دو سیڈ بابر مسیح نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان سیڈڈ آصف ٹوبہ کو ہرا کر رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ کراچی جیم خانہ میں فائنل میں بابر مسیح نے دو سنچری بریک بھی کھیلے اس سے قبل انہوں نے لیگ رائونڈ میں بھی103 کا سنچری بریک کھیلا تھا اس طرح بابر ٹورنامنٹ میں تین سنچری بریک کے ساتھ ٹاپ پر رہے۔ بیسٹ آف ففٹین مقابلہ دسویں فریم تک انتہائی دلچسپ رہا جس میں دونوں کھلاڑی ایک دوسرے پر بازی حاصل کرتے رہے لیکن گیارہوں، بارہویں اور تیرہویں فریمز میں فتح کے بعد بابر مسیح نے بازی مار لی۔ فائنل میچ پانچ گھنٹے جاری رہا۔ ٹورنامنٹ جیتنے پر بابر مسیح کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم اور خوبصورت ٹرافی جبکہ آصف ٹوبہ کو 40 ہزار اورٹرفی دی گئی۔ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا بریک کھیلنے پر محمد ماجد علی کو پانچ ہزار اور ٹرافی دی گئی۔ فائنل کے مہمان خصوصی طاہر احمد اور جاوید احمد تھے۔ اس موقع پر منور شیخ، عالمگیر شیخ، عثمان قیصر، اکبر اقبال پوری، محمد علی عزیز، یاسر جمال، یحی حسینی، عاطف معین قاسمی، جاوید کریم، عبدالقادر میمن، ذوالفقار رمزی، عرفان موتن، نوید کپاڈیہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ فائنل دلچسپ رہا جس میں بابر مسیح نے بیسٹ آف ففٹین فریمز کے کھیل میں 8-5 سے فتح اپنے نام کی۔ آصف ٹوبہ نے کھیل کا عمدہ آغاز کیا اور ابتدائی دونوں فریم جیت کر 2-0 کی برتری حاصل کرلی لیکن اس کے بعد بابر مسیح نے شاندار فائٹ بیک کیا اور اگلے چاروں فریم جیت کر مقابلے میں 4-2 کی برتری حاصل کی۔ چوتھے فریم میں بابر نے 100 کا خوبصورت فریم بھی کھیلا۔ آصف ٹوبہ نے ساتویں اور آٹھویں فریم میں ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا۔ نویں فریم میں بابر نے برتری 5-4 کی جسے آصف نے اگلے فریم میں 5-5 کردیا لیکن اس کے بعد تینوں فریمز جیت کر بابر سے مقابلہ 8-5 سے جیت لیا۔
تازہ ترین