• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے مقابلہ،آسٹریلین کرکٹرزٹیم میں جگہ پکی کرنے کے خواہاں

سڈنی (نیوز ایجنسیز) آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف امارات میں سیریز سے قبل گھبراہٹ کی شکار ہے۔ ٹیم میں پانچ نئے پلیئرز شامل کیے گئے ہیں، جبکہ چند تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے، دورے کیلئے منتخب کھلاڑی ٹیم میں جگہ پکی کرنے کیلئے پرعزم ہیں، جبکہ باہر رہ جانے والے کارکردگی دکھا کر ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کے دعوے کررہے ہیں۔ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ کی عدم دستیابی کے سبب اسکواڈ میں آنے والے فاسٹ بولر پیٹر سڈل کہتے ہیں کہ ٹیم میں دوبارہ واپسی باعث اعزاز ہے، کوشش ہو گی سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے ٹیم میں اپنی جگہ مستقل کروں، فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا مزید چند برس تک کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ سڈل نے آخری بار 2016 میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ٹیم میں دوبارہ واپسی کے بارے سوچنا چھوڑ دیا تھا، بگ بیش لیگ میں اچھا پرفارم کرنے سے اعتماد بڑھا اور لگا میں ابھی انٹرنیشنل سطح پر پرفارم کر سکتا ہوں، دوبارہ ملک کی نمائندگی کا موقع ملنے پر خوشی ہو رہی ہے۔ کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں ۔ حالیہ اپنی فارم اور فٹنس سے مطمئن ہوں۔ سڈل نے 62 ٹیسٹ میچز میں 211 وکٹیں لے رکھی ہیں۔ دوسری جانب آل راؤنڈر جیمز فالکنر نے کہا ہے کہ آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانا ہدف ہے، مقصد کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ فالکنر نے 2015 میں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا لیکن اس کے بعد وہ تاحال ٹیم کیلئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں کرکٹ آسٹریلیا کے سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم ہونا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹیم میں واپسی کے حوالے سے امید ختم نہیں ہوئی، یقین ہے کہ انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ میرے لئے ٹیم میں واپسی کا سبب بنے گا۔
تازہ ترین