• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی دستاویزات پر سرکاری اراضی کی فروخت، بااثرلینڈ مافیا نے کئی افراد کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ لی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) چائنا کٹنگ کے ذریعے جعلی دستاویزات پر سرکاری اراضی فروخت کرنے میں ملوث بااثر لینڈ مافیا نے رکشہ ڈرائیور سمیت متعدد افرادکی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ لی‘ مہرعلی ہاؤسنگ اسکیم کا پلاٹ جعلی دستاویزات پر فروخت کرکے 20لاکھ سے زائد کی رقم وصول کی‘ 7 بچوں کے باپ رکشہ ڈرائیورنے رقم واپس نہ ملنے پر خودسوزی کی دھمکی دیدی۔ تفصیلات کے مطابق لطیف آباد یونٹ نمبر11میں مہرعلی ہاؤسنگ اسکیم سمیت سرکاری اراضی چائناکٹنگ کے ذریعے فروخت میں ملوث لینڈمافیا نے رکشہ ڈرائیور محمد یامین شاہ کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ لی اور اب پلاٹ کی مد میں دی گئی 20لاکھ روپے سے زائد کی رقم کی واپس مانگنے پر قتل کی دھمکیاں اورپولیس کی جانب سے بھی ہراساں کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ محمد یامین شاہ نے بتایا کہ اس نے مہرعلی ہاؤسنگ اسکیم میں 120 گز کا پلاٹ نمبر 300 جو 20لاکھ روپے میں خریدا جس کی مجھے انہوں نے فائل بناکر دی اور اسکیم کے سابق ایڈمنسٹریٹرشاہ نواز رند سے ان کے دفتر میں لے جاکرتصدیق کرائی اور بعدازاں رجسٹرارآفس میں لے جاکرسیل ڈیڈ بھی تیار کرائی اورتمام دستاویزات وہی مکمل کرائی گئی اوربتایا کہ کچھ دن بعد جب رجسٹری ہوجائے گی تو دستاویزات آپ کو دیدی جائے گی مگرتاحال دستاویزات نہیں دی گئیں اورجب میں نے معلومات کیں تو معلوم ہواکہ پلاٹ جوکہ مجھے فروخت کیاگیا تھا وہ کسی اورکی ملکیت ہے اوراسی طرح 30سے زائد دیگر پلاٹ بھی جعلی دستاویزات کے ذریعے فروخت کئے گئے ہیںجس کی ذمہ دار لینڈ مافیا ہوگی۔واضح رہے کہ لطیف آبادیونٹ نمبر11میں لینڈمافیا کے منظم گروہوں کی جانب سے ریوینیو‘ پولیس و دیگر سرکاری اداروں کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے سرکاری اراضی چائنا کٹنگ کے ذریعے فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے اوراحتجا ج کرنے والوں کو پولیس کے ذریعے جھوٹے مقدمات میں ملوث کردیا جاتا ہے۔

تازہ ترین