• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب ٹیم کا بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے ڈائریکٹر لینڈ کے دفتر پر چھاپہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حسین آباد کے علاقے میں گدوچوک کے قریب میونسپل اسکول گراؤنڈ کی 10ایکٹر سے زائد اراضی تھی جسے چند سالوں قبل کرپٹ افسران نے مبینہ طورپر چائنا کٹنگ کے ذریعے بڑا حصہ فروخت کردیاتھا جہاں بلڈرز نے پلازے کھڑے کردیئے جس کے بعد گراؤنڈ کی صرف چند ایکٹر زمین بچی ہے ۔ شکایات پر نیب نے گذشتہ دنوں انکوائری شروع کی تھی ۔میونسپل اسکول گراؤنڈ میونسپل کمیٹی قاسم آباد کی حدود میں شامل ہونے پر قبل ازیں نیب نے میونسپل کمیٹی قاسم آباد کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ سے ریکارڈ طلب کیاتھاجس پر قاسم آباد میونسپل کمیٹی کے حکام کاکہناتھا کہ انہیں بلدیہ حیدرآباد نے ابھی تک اس اراضی کاریکارڈ دیا ہی نہیں ہے جس کے بعد نیب حکام نے بلدیہ حیدرآباد کے ڈائریکٹر لینڈڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرکے ریکارڈ مانگاتھا اس پر بلدیہ حیدرآباد کے لینڈریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کاکہناتھا کہ وہ میونسپل اسکول گراؤنڈ اور قاسم آباد میں شامل حسین آباد کی دیگر اراضی کاریکارڈ میونسپل کمیٹی کے حوالے کرچکے ہیں ۔بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اورمیونسپل کمیٹی قاسم آباد کے لینڈڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ کے حوالے سے ایک دوسرے پرالزام تراشیوں کے بعد پیر کی سہ پہر نیب کی اسپیشل ٹیم نے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے دفتر پر چھاپہ مارکر ڈائریکٹر لینڈ آفاق احمد سے ریکارڈ کے حوالے سے پوچھ گچھ کی اورریکارڈ طلب کیا‘ ریکارڈ پیش نہ کرنے پر آفاق احمد کو نیب نے کل اپنے دفتر طلب کرلیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ نیب کی ٹیم نے چھاپے کے دوران سینئر ڈائریکٹر لینڈ قمر شیخ دفتر کو تالے لگاکر فرارہوگئے ۔ذرائع کاکہناہے کہ نیب حکام نے میونسپل کمیٹی قاسم آباد اوربلدیہ حیدرآباد کے لینڈ ریونیو کے عملے کو میونسپل اسکول گراؤنڈ کے سروے کے لئے آج (منگل ) کو حسین آباد میونسپل گراؤنڈ پہنچنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

تازہ ترین