• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واسا کے محنت کش تنخواہوں اور پنشنرز تاحال مراعات سے محروم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایچ ڈی اے مہران ورکرز یونین کا اجلاس سرپرست اعلیٰ جان چراغ کی زیر صدارت ہوا جس سے محمد اسلم عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر اور عیدالاضحی کے بعد محرم الحرام میں بھی واسا کے محنت کش اپنی تنخواہوں اور پنشنرز اپنی پنشن سے محروم ہیں‘ ادارے کے محنت کش فاقہ کشی کا شکار ہیں‘ ان کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں‘ یہ اس وقت نذر و نیاز کرنے سے بھی محروم ہیں جبکہ واسا کے گورنمنٹ آف سندھ کے مختلف اداروں پر ڈھائی ارب روپے سے زائد کے بقایاجات ہیں‘ سربراہ واٹر کمیشن سندھ کے احکامات کے باوجود گریڈ ایک سے پندرہ تک کے ملازمین کی تنخواہیں حکومت سندھ کے ذریعہ کیوں نہیں ادا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا سے پنشن لینے والے یتیموں‘ بیواؤں اور ریٹائرڈ ملازمین کی تعداد 600 سے زائد ہے جو کہ چار ماہ سے پنشن سے محروم ہیں اب یہ کس کے سامنے ہاتھ پھیلائیں‘ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کی ماہانہ پنشن ٹریژری کے ذریعے ادا کی جائے اور ان کے تحفظات دور کیے جائیں‘ حکومت سندھ نے مختلف اداروں میں ورک چارج اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کردیا تھا لیکن ادارے میں عرصہ دراز سے کام کرنے والے ان غیر مستقل ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا کے محنت کشوں کی تنخواہیں اور پنشنرز کی پنشن ادا کی جائے بصورت دیگر ہم عاشورہ کے بعد سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
تازہ ترین