• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھپرو: حیسکو کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن

کھپرو( نامہ نگار) کھپرو میں حیسکو نے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیاگیا ہے اور درجنوں دیہات کی بجلی منقطع کردی گئی اور سیکڑوں غیر قانونی کنکشن کاٹ دیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ایس ڈی او حیسکو کھپرو احمد نواز عباسی نے جنگ کو بتایا کہ کھپرو سب ڈویژن میں بجلی کے صارفین پر 13 کروڑ روپے کے بقایاجات ہیں ۔جن کی وصولی کے لئے ایکسیئن امیر احمد میمن کی ہدایت پر ایک ٹیم نے ایس ڈی او احمد نواز عباسی کی نگرانی میں لیبر یونین کے چیئرمین شوکت قائم خانی اور دیگر لیبر کے ہمراہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کے دوران 30 دیہات جن میں عمرگل ،قاسم راجڑ، قربان ہنگورو، اسحاق چانیوں، ساھڑ راجڑ ، حیدرہنگورو، یامین ہنگورجو، کھوڑی ،ڈھلیار، حسن راجڑ، نورمحمد قائم خانی ، فقیر فیض محمد اور دیگر شامل ہیں کی بجلی منقطع کر دی ہے ۔جس کی وجہ سے بجلی سے محروم دیہات تاریکی میں ڈوب گئے ۔اس کے علاوہ آپریشن کے دوران ہزاروں کنڈے اتار کر تار ضبط کر لی ۔ایس ڈی او احمدنوازعباسی نے کہا کہ بجلی چوری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بقایاجات کی ادائیگی کے بغیر بجلی بحال نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگر بجلی چوری میں حیسکو کا کوئی اہلکار ملوث ہوا تو اس کے خلاف بھی سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین