• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی فورسز ملکی ترقی و استحکام کے لئے ہر وقت تیار ہیں،سید اسد رضا

سکھر (بیورو رپورٹ) ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے، ملک دشمن عناصر کی کوششوں کو خاک میں ملانے اور ملک کی ترقی و استحکام کے لئے ہر وقت تیار ہیں، سیکورٹی فورسز کے جوان لازوال قربانیاں دیکر ایک تاریخ رقم کررہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، ہم سب کو آپس میں مذہبی آہنگی، بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی سالمیت کا دفاع کرنا چاہیے، نفرتوں کو ختم کرکے متحد ہوکر تمام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو بحال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وہ اپنے دفتر میں محرم الحرام میں امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے، مذہبی ہم آہنگی اور ماسٹر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں تمام مذہبی جماعتوں کے نمائندوں، شیعہ علماء اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کیں۔اجلاس سے خطاب میں ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ نے کہا ہے کہ ضلع سکھر میں محرم الحرام کے دوران میں 145 چھوٹے بڑے ماتمی جلوس اور 1280 مجالس منعقد ہوں گی جس کے لئے 3500 پولیس افسران وا ہلکاروں، 400رینجرز کے افسران وجوان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کی تین کمپنیاں سکھر، روہڑی اور پنوعاقل میں اسٹینڈ بائے رہیں گی، ضلع بھر میں امن وامان کی فضا بحال رکھنے کے لئے ماسٹر سیکیورٹی پلان تشکیل دیکر تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل برانچ، لیڈیز پولیس ،ٹیلی کمیونیکیشن اسٹاف، شارپ شوٹر تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ضلع میں برآمد ہونے والے تمام ماتمی جلوسوں، مجالس کی حفاظت کے لئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، جبکہ ضلع بھر میں مختلف مقامات اور جلوسوں کی گزرگاہوں، مجالس کے مقام پر کلوز سرکٹ کیمرے لگائے گئے ہیں اور سکھر، روہڑی میں کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں، جہاں پرتمام ماتمی جلوسوں، مجالس کی مانیٹرنگ کے لئے پولیس افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔، محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر کے تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور انہیں مختلف مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین