• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ: یورپی یونین تھریسامے کو اپنی تجاویز پر قائل کرنے میں ناکام

لندن(جنگ نیوز) یورپی یونین برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو اپنی تجاویز پر قائل کرنے میں ناکام ہو رہی ہے کہ ناردرن آئر لینڈ کو کسٹمز یونین اور سنگل مارکیٹ میں رکھنے کیلئے قابل اعتماد ٹریڈر سکمیز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور آئرش سمندر میں بارڈر نہیں کھینچا جائے گا۔ ناردرن آئرلینڈ میں ہارڈ بارڈر کے قیام سے بچائو قابل قبول حل تلاش کرنے میں ناکامی کے بعد مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کے قریب ہیں۔ برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق برسلز کے اپنی تجاویز میں جو حل پیش کیا ہے اس کے تحت ناردرن آئرلینڈ کو باقی برطانیہ کے مقابلے میں مختلف حیثیت دی گئی ہے لیکن وزیراعظم تھریسا مے نے یورپی یونین کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ یورپی یونین کے چیف مذاکرات کار مچل بارنیئر کا کہناہے کہ بلفاسٹ کے ساتھ تجارت کی سطح باقی یورپ کے مقابلے میں کافی کم ہے اور درکار چیکس سے برطانوی حکومت کیلئے کوئی آئینی خطرہ پیدا نہیں ہوگا۔ برطانوی اخبار دی ٹائمز نے جو ڈپلومیٹک نوٹ دیکھا ہے اس کے مطابق ٹرسٹڈ ٹریڈ سکیمز سے بہت سی کمپنیز بارڈر پر چیکس سے بچ سکتی ہیں لیکن برطانیہ اس پر قائل نہیں ہو سکا ہے۔ بریگزٹ میں سب سے بڑامسئلہ ناردرن آئرینڈ بن گیا ہے۔ دی ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین سال رواں کے آخر تک ڈیل کرنے کیلئے فریکشن لیس آئرش بارڈر کی تجویز کو خفیہ طور پر قبول کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ برطانوی تشویش پر رعایت دینے میں یورپی مذاکرات کار چاہتے ہیں کہ ناردرن آئرلینڈ اور آئرش ری پبلک کے درمیان کسٹمز چیکس کو کم سے کم کرنے کیلئے ٹیکنالوجیکل سلوشنز کو استعمال کیا جائے۔   

تازہ ترین